خطیب جمعہ تہران: مسجد الاقصی پر صیہونی حکومت کے حملوں کی مذمت
Sep ۱۸, ۲۰۱۵ ۱۵:۵۷ Asia/Tehran
خطیب نماز جمعہ تہران نے مسجد الاقصی پر صیہونی حکومت کے حملوں کی مذمت کی ہے
تہران کی مرکزی نماز جمعہ حجت الاسلام و المسلمین کاظم صدیقی کی اقتدا میں ادا کی گئی۔ خطیب نماز جمعہ تہران نے مسجدالاقصی اور مسلمانوں کے قبلہ اول پر صیہونیوں کے حملوں کے خلاف اپنا ردعمل ظاہر کیا۔حجت الاسلام و المسلمین کاظم صدیقی نے کہا کہ صیہونی مجرم، عالمی برادری اور عرب ممالک کی بے اعتنائی کی وجہ سے بیت المقدس کو یہودی رنگ میں رنگنے کے عمل میں تیزی پیدا کرنے کے درپے ہیں۔
خطیب نماز جمعہ تہران نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے فلسطینی عوام کی استقامت کی حمایت پر تاکید کی اور کہا کہ صیہونی حکومت نے مشرق وسطی کے بحرانوں سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے مسجد الاقصی اور فلسطینی نمازیوں پر حملے کئے جو کہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
حجت الاسلام و المسلمین کاظم صدیقی نے یمن میں آل سعود کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آل سعود کی حکومت اور جمہوریت کے دعویدار اس کے یورپی حامی ممالک خطے خصوصا یمن میں بدامنی کو ہوا دے رہے ہیں اور وہی داعش سمیت تمام دہشت گرد گروہوں کے پنپنے کا باعث ہیں۔
خطیب نماز جمعہ تہران نے خطے میں امریکہ اور صیہونی حکومت کے جرائم و مظالم اور اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف دشمنوں کی سازشوں کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی ہوشیاری کی بدولت دشمنوں کو ہر ممکنہ اقدام کا دندان شکن جواب دیا جائے گا۔
خطیب نماز جمعہ تہران نے اقتصادی، فوجی اور ایٹمی شعبوں سمیت مختلف میدانوں میں ایران کی ترقی و پیشرفت کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ دشمنوں کی تمام تر سازشوں کے باوجود اسلامی انقلاب پوری طاقت کے ساتھ اپنے عظیم اہداف کی جانب رواں دواں ہے۔