Sep ۱۹, ۲۰۱۵ ۱۲:۲۶ Asia/Tehran
  • \
    \"مردہ باد امریکہ \" کا نعرہ امریکی عوام کے خلاف نہیں ہے: صدر مملکت

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ملت ایران کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے امریکی ٹی وی چینل سی بی ایس کو انٹرویو دیتے ہوئے ایرانیوں کی انسان دوستی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایرانی عوام امریکی عوام کا احترام کرتے ہیں اور مردہ باد امریکہ کا نعرہ امریکی عوام کے خلاف نہیں ہے-

 انھوں نے کہا کہ ایرانی عوام کسی بھی ملک کے ساتھ جنگ کے درپے نہیں ہیں لیکن ہم دیکھتے ہیں کہ امریکی پالیسیاں ایرانی عوام کے مفادات کے خلاف ہیں اور لوگ اگراس پر حساسیت کا مظاہرہ کریں تو یہ بات قابل فہم ہے-
انھوں نے مزید کہا کہ جب ایرانی عوام شاہ کے خلاف اٹھ کھڑے ہوئے تو امریکہ نے آخری وقت تک اس کی بھرپور حمایت کی اور ایران پر عراق کی آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ میں بھی امریکیوں نے صدام کی بھرپورمدد کی-
صدر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ لوگ ان چیزوں کو نہیں بھولیں گے۔ ہم ماضی کو فراموش نہیں کر سکتے لیکن اس کے ساتھ ہی ساتھ ہماری نظر مستقبل پر ہونی چاہیے- انھوں نے اس سوال کے جواب میں کہ کیا نماز جمعہ میں "مردہ باد امریکہ کا نعرہ" ایران کی داخلی پالیسی ہے؟ اس بات پر زور دیا کہ یہ نعرہ ماضی میں ایرانی عوام کے خلاف امریکہ کی مخاصمانہ پالیسیوں کے ردعمل میں لگایا جاتا ہے-
صدر مملکت نے مزید کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں نے برسوں تک ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کی بنا پر اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ دشمنی کا مظاہرہ کیا؛ ان کا دعوی ہے کہ تہران ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن ایران نے ہمیشہ اس دعوے کو مسترد کیا ہے-
 ان کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود ایران اور گروپ پانچ جمع ایک نے طویل مذاکرات کے بعد چودہ جولائی کو آسٹریا کے شہر ویانا میں مشترکہ جامع ایکشن پلان کی منظوری دی، جس کے مطابق ایران کو عالمی برادری میں ایک ایٹمی طاقت کی حیثیت سے تسلیم کیا گیا  اور اقتصادی اور مالی پابندیوں کے خاتمے کے بدلے تہران اپنی بعض ایٹمی سرگرمیوں کو محدود کر دے گا-

ٹیگس