Sep ۲۱, ۲۰۱۵ ۲۱:۱۲ Asia/Tehran
  • خام تیل کی عالمی منڈیوں کے استحکام کے بارے میں ایران اور عمان کا اتفاق رائے

عمان کے وزیر تیل و گیس نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور عمان کے درمیان خام تیل کی عالمی منڈیوں کے استحکام کے بارے میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔

عمان کے وزیر تیل و گیس محمد بن حمد الرمحی نے پیر کے دن تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر پٹرولیم بیژن نامدار زنگنہ سے ملاقات کی۔ محمد بن حمد الرمحی نے اس ملاقات میں کہا کہ خام تیل کی عالمی منڈیاں بہت سے عوامل سے متاثر رہی ہیں اور افسوس کی بات ہے کہ اس وقت سیاسی مسائل، خام تیل کی عالمی قیمتوں پر اثر انداز ہو رہے ہیں۔ عمان کے وزیر تیل و گیس نے مزید کہا کہ خام تیل کی عالمی منڈیوں کا مسئلہ ایک اہم مسئلہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خام تیل کے صارفین کی حمایت کے ساتھ ساتھ خام تیل پیدا کرنے والے ممالک کے مفادات کا بھی تحفظ کئے جانے کی ضرورت ہے۔ عمان کے وزیر تیل و گیس نے عمان کو ایران کی گیس کی برآمدات کے بارے میں بھی کہا کہ عمان میں گیس کی ضرورت بدستور بڑھتی جا رہی ہے لیکن ایران کے ساتھ عمان کے تعلقات کا مقصد، صرف گیس کی ضروریات پوری کرنا نہیں ہے بلکہ عمان چاہتا ہے کہ دونوں ممالک مستقبل میں تیل، گیس اور پیٹروکیمیکل کے مختلف شعبوں میں زیادہ سے زیادہ باہمی تعاون کریں۔

ٹیگس