ایران اور عمان کے تعلقات میں توسیع پر تاکید
Sep ۲۲, ۲۰۱۵ ۲۰:۵۳ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر اور عمان کے بادشاہ نے دونوں ممالک کے تعلقات میں توسیع پر تاکید کی ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کے دن عمان کے بادشاہ "قابوس بن سعید" کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ڈاکٹر حس روحانی نے اس گفتگو میں عمان کے بادشاہ قابوس بن سعید کو عید الاضحی کی مبارک باد پیش کی۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے علاقائی تعاون میں عمان کے اہم مقام کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران پابندیوں کے خاتمے کے بعد دوست اور برادر ملک عمان کے ساتھ مختلف شعبوں خاص طور پر تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں استحکام لانے میں دلچسپی رکھتا ہے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے علاقے میں عمان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے بحرانوں کے خاتمے کے مقصد سے علاقائی تعاون کی تقویت کو ضروری قرار دیا اورکہا کہ تہران اور مسقط کا علاقائی تعاون علاقے میں قیام امن کے سلسلے میں اہمیت کا حامل ہے-
ڈاکٹر روحانی نے علاقائی مسائل سے متعلق یمن کے مواقف خاص طور پر یمن کے بحران اور اس ملک کے عوام کے لئے انسان دوستانہ امداد ارسال کرنے پر عمان کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ عمان کی مدد سے یمن میں ایک بار پھر امن بحال ہوگا اور اس ملک کے عوام چین کی زندگی گزار سکیں گے-
اس ٹیلی فونی گفتگو میں عمان کے بادشاہ قابوس بن سعید نے بھی امید ظاہر کی کہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد تہران اور مسقط کے تعاون کو ماضی سے زیادہ فروغ حاصل ہوگا-