ایٹمی سمجھوتے پر عملدرآمد سے پوری دنیا کو فائدہ ہوگا۔ صدر حسن روحانی
Sep ۲۴, ۲۰۱۵ ۱۴:۳۱ Asia/Tehran
-
ایٹمی سمجھوتے پر عملدرآمد سے پوری دنیا کو فائدہ ہوگا۔ صدر حسن روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین حسن روحانی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ستّرویں اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک روانہ ہوگئے ہیں۔
صدر حسن روحانی کو ائیرپورٹ پر رہبر انقلاب اسلامی کے دفتر کے انچارج محمدی گلپائیگانی اور نائب صدر اسحاق جہانگیری نے رخصت کیا ۔نیویارک روانگی سے قبل ایئر پورٹ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے ایک بار پھر تہران کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے درمیان ایٹمی سمجھوتے پر عملدرآمد سے نہ صرف اس خطے بلکہ پوری دنیا کو فائدہ پہنچے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران جامع مشترکہ لائحہ عمل کے نام سے موسوم ایٹمی سمجھوتے پر بہترین طریقے سے عملدرآمد کرے گا۔
قابل ذکر ہے کہ صدر حسن روحانی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کےسربراہی اجلاس کے پہلے دن خطاب کریں گے۔ طے شدہ پروگرام کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس اٹھائیس ستمبر کو شروع ہوگا اور تین اکتوبر تک جاری رہے گا۔
صدر حسن روحانی نیویارک میں اپنے قیام کے دوران جنرل اسمبلی کے اجلاس کے میں شریک متعدد عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقات اور گفتگو کریں گے۔