Sep ۲۵, ۲۰۱۵ ۰۷:۳۵ Asia/Tehran
  • منی کے سانحے کے بارے میں صدر مملکت کا پیغام
    منی کے سانحے کے بارے میں صدر مملکت کا پیغام

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے سینیئر نائب صدر سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے منی میں رونما ہونے والے خونریز سانحے سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کی ہیں-

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے نیویارک ایرپورٹ پر اترنے سے قبل اعلی ایرانی حکام منجملہ ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری سے منی کے حادثے سے متعلق تازہ ترین صورت حال معلومات حاصل کی اور ہدایات جاری کیں کہ جمعے کے روز کابینہ کے خصوصی اجلاس میں اس افسوسناک واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے اور اس حوالے سے خصوصی کمیٹی قائم کی جائے-
ڈاکٹر حسن روحانی نے تاکید کی کہ مختلف وزارت خانوں منجملہ خارجہ، صحت، ارشاد اسلامی اور حج و زیارت کی تنظیم کو چاہئے کہ منی حادثے کے شکار ایرانی حجاج کے جنازوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ایران منتقل کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات عمل میں لائیں اور زخمیوں کے علاج معالجے کے لئے مکمل بندوبست کیا جائے-
صدر مملکت نے وزارت داخلہ کو بھی اس بات کا پابند کیا کہ وہ، ملک بھر کے گورنر ہاؤس کے ذریعے منی حادثے کے شکار حجاج کرام کے گھرانوں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر داکٹر حسن روحانی نے رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کے نام اپنا تعزیتی پیغام بھی ارسال کیا جس میں انھوں نے آپ کو اور منی حادثے کے شکار حجاج کرام کے لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ منی میں سیکڑوں کی تعداد میں ایرانی حجاج کرام کے لئے رونما ہونے والا المیہ، گہرے افسوس کا باعث بنا ہے اور اس سلسلے میں صورت حال کا مکمل جائزہ لینے اور منی حادثے کے شکار ایرانی حجاج کرام کی ایران منتقلی اور تمام ضروری اقدامات عمل میں لائے جانے کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں-
صدر مملکت نے اپنے پیغام میں تاکید کی ہے کہ وزارت خارجہ اور سعودی عرب میں ایران کے سفیر، اس بات کے پابند ہیں کہ منی کے المیے کی وجہ کا جائزہ لینے اور حادثے کے شکار حجاج کرام کے حقوق کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات عمل میں لائیں-
ڈاکٹر حسن روحانی نے سعودی عرب کی حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ، منی سانحے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اس سلسلے میں اپنے قانونی و اسلامی فرائض پر عمل کرے-
صدر مملکت نے منی حادثے کے شکار حجاج کرام کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھنے والے حجاج کرام کے لئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کے لئے شفائے عاجل اور حج کے قبول ہونے کی آرزو کی-

ٹیگس