ایران اور امریکہ کے وزرائے خارجہ کی ملاقات
Sep ۲۶, ۲۰۱۵ ۱۹:۰۰ Asia/Tehran
ایران اور امریکہ کے وزرائے خارجہ نے نیویارک میں ایک دوسرے سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ستّرویں اجلاس کے موقع پر ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے درمیان ہونے والی اس ملاقات میں ایٹمی سمجھوتے پر عملدرآمد کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔رواں سال جولائی میں ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان ویانا میں ہونے والے ایٹمی سمجھوتے کے بعد، ایران اور امریکہ کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی یہ پہلی ملاقات ہے۔
قابل ذکر ہے ایران اور چھے بڑی طاقتوں کے گروپ پانچ جمع ایک نے جس میں امریکہ، روس، چین، برطانیہ، فرانس اور جرمنی شامل ہیں، رواں سال جولائی میں ایک ایٹمی سمجھوتے پر دستخط کئے تھے۔
کمپری ہینسیو پلان آف ایکشن کے نام سے طے پانے والے ایٹمی سمجھوتے کے تحت عالمی برداری نے ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیوں کو تسلیم اور تہران کے خلاف عائد تمام پابندیاں اٹھائے جانے کا اعلان کیا تھا۔