پابندیوں کا خاتمہ کرنے کے لئے سب کے تعاون کی ضرورت، ڈاکٹر روحانی
Sep ۲۷, ۲۰۱۵ ۰۷:۲۸ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر روحانی نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف پابندیوں کے نفاذ سے یورپی یونین کو خاصا نقصان اٹھانا پڑا ہے اس لئے اس طرح سے عمل کئے جانے کی ضرورت ہے کہ ماضی کے نقصانات کا ازالہ ہو سکے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے نیویارک میں یورپی کونسل کے چیئرمین ڈونلڈ ٹاسک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پابندیوں کے خاتمے کے لئے اہم اقدامات عمل میں لانے کے لئے تمام فریقوں خاص طور سے یورپی یونین کی جانب سے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔انھوں نے ایک جانب ایٹمی معاہدے سے ایران اور یورپی یونین کے درمیان تعاون پر مرتب ہونے والے اثرات اور دوسری جانب علاقائی مسائل کے حل کے لئے فریقین کی شراکت و یکسوئی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین خاص طور سے اس یونین کے بعض رکن ملکوں کے ساتھ ایران کے تعلقات ہمیشہ خوشگوار رہے ہیں اور ان تعلقات کو مزید مستحکم بنائے جانے کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے دہشت گردی کو علاقے کے ایک بڑے مسئلے سے تعبیر کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے سلسلے میں اگر کوئی تدبیر نہیں سوچی گئی تو تمام علاقوں کے لئے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے شام میں دہشت گردوں کے وحشیانہ اقدامات کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ اگر ہم اس بات سے اتفاق کرلیں کہ شام کا سب سے بڑا مسئلہ دہشت گردوں کی سرگرمیاں ہیں تو راہ حل تلاش کرنا بہت آسان ہو جائے گا اس لئے کہ دہشت گردی کے خلاف مہم کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے پہلے مرحلے میں اس کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں کہ شام کی حکومت کو مستحکم کیا جائے۔
اس ملاقات میں یورپی کونسل کے چیئرمین ڈونلڈ ٹاسک نے بھی جوہری معاہدے کو ایران، یورپ اور پوری دنیا کے لئے ایک بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ یورپی یونین نے مذاکرات کو کامیاب بنانے کی اپنی پوری کوشش کی ہے اور یہ معاہدہ، تعاون کی توسیع کے لئے پہلا قدم ہے۔
انھوں نے جوہری معاہدے پر مکمل طور پر عمل درآمد کی اہمیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جوہری معاہدے پر مکمل طور پر عمل درآمد کے نتیجے میں کامیابی کا حصول کوئی آسان کام نہیں ہے تاہم فریقین کے عزم و ارادے اور یورپ کے تعاون و مدد سے اس کامیابی کو حاصل کیا جاسکتا ہے۔ یورپی کونسل کے چیئرمین نے مشرق وسطی کی موجودہ صورت حال کی طرف بھی اشارہ کیا اور کہا کہ یورپی یونین کو ایران کے تعاون کی اشد ضرورت ہے اور ایران کے تعاون کے بغیر علاقے کے مسائل کو حل نہیں کیا جاسکتا۔
واضح رہے کہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اور یورپی کونسل کے چیئرمین ڈونلڈ ٹاسک کے درمیان نیویارک میں ہونے والی اس ملاقات میں یورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فیدریکا موگرینی بھی موجود تھیں۔