سانحہ منی کے سلسلے میں سعودی عرب کی حکومت قصور وار ہے: ڈاکٹر علی لاریجانی
Sep ۲۷, ۲۰۱۵ ۱۰:۳۳ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے سانحہ منی کے سلسلے میں سعودی عرب کی حکومت کو قصور وار قرار دیا ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے ہفتے کے دن پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس میں سانحہ منی کے سلسلے میں سعودی عرب کی حکومت کو قصوروار قرار دیا ہے۔ڈاکٹر علی لاریجانی نے سانحہ منی کی بنا پر سعودی عرب کی حکومت کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ آج ملت اسلامیہ اور ایرانی قوم سوگوار ہے۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے سانحہ منی کو المناک واقعے سے تعبیر کیا اور کہا کہ حجاج کرام کی ایک بڑی تعداد اس حادثے میں افسوسناک صورتحال میں جاں بحق ہوئی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ رپورٹوں سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ سعودی عرب کی حکومت نے بدانتظامی اور غفلت کا مظاہرہ کیا اور اس واقعے کے بعد بھی موثر انداز میں خدمات فراہم نہیں کیں۔ ڈاکٹر علی لاریجانی نے سعودی عرب کی حکومت کو نصیحت کی کہ وہ سوگواروں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے بجائے ضروری اقدامات انجام دے۔