رہبر انقلاب اسلامی سے سعودی عرب کے بادشاہ کی تعزیت
Oct ۰۱, ۲۰۱۵ ۱۰:۴۲ Asia/Tehran
سعودی حکومت نے رہبر انقلاب اسلامی ،ایرانی قوم اور ایرانی حکومت کو منی میں جا ں بحق ہونے والے ایرانی حجاج کی تعزیت پیش کی ہے۔
ایران کے وزیر صحت صحت حسن قاضی زادہ ہاشمی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے بادشاہ اور سعودی حکومت نے رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای ، ایرانی قوم اور ایرانی حکومت کو منی میں جا ں بحق ہونے والے ایرانی حجاج کی تعزیت پیش کی ہے۔ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر صحت نے بتایا ہے کہ بدھ کےدن سعودی حکام اور ایرانی وفد کے درمیان ہونے والے اجلاس میں سعودی فرمانروا کی طرف سے پیش کی جانے والی تعزیت کو سعودی وزیر صحت کے توسط سے ایرانی وفد تک پہنچایا گیا۔
ایران کے وزیر صحت حسن قاضی زادہ ہاشمی نے منی میں جاں بحق ہونے والے حاجیوں کے جنازوں کی ایران منتقلی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا اس مسئلے کے حل کے لئے ایرانی سفارتخانے کی کوششوں کے نتیجے میں گذشہ روز بدھ کے دن سعودی عرب کی پانچ وزارتوں کے حکام اور فوج کے اعلی افسران کے ساتھ مختلف اجلاس منعقد ہوئے ہیں۔
ایران کے وزیر صحت کے مطابق اس اجلاس میں منی میں جاں بحق ہونے والے حاجیوں کے جنازوں کی جلد ایران منتقلی پر تاکید کی گئی ہے اور ایران وہ پہلا ملک ہے جو حجاج کے جنازوں کو تحویل میں لیکر اپنے ملک منتقل کرے گا۔ان کا مذید کہنا تھا سعودی حکام کے ساتھ مختلف میٹنگوں میں گم شدہ حاجیوں کی بازیابی اور حاجیوں کے جنازوں کی جلد ایران منتقلی کے مسئلے کو زیر بحث لایا گیا اور سعودی حکام نے رہبر انقلاب اسلامی ،ایرانی قوم اور ایرانی حکومت کے نام تعزیت کے ساتھ ساتھ اس بات کا اطمینان دلایا ہے کہ کسی بھی ایرانی کو مکہ مکرمہ میں دفن نہیں کیا گیا ہے اور حاجیوں کے جنازوں کی ایران منتقلی کے عمل میں تیزی لائی جائیگی۔