حج انتظامیہ میں تبدیلی ناگزیر ہے، خطیب جمعہ تہران
Oct ۰۲, ۲۰۱۵ ۱۶:۲۴ Asia/Tehran
تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطیب سانحہ منی کی تکرار سے بچنے کے لئے حج انتظامیہ میں تبدیلی کو ناگزیر قرار دیا ہے۔
تہران کی مرکزی نماز جمعہ کے خطیب آیت اللہ موحدی کرمانی نے سانحہ منی میں ہزاروں کی تعداد میں حاجیوں کے جاں بحق ہونے پررہبرانقلاب اسلامی، ملت ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں کے جاں بحق ہونےوالوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ منی کا حادثہ آل سعود کی پیشانی پر ایک ایسا بدنما داغ ہے جو کبھی بھی نہیں مٹے گا - تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ سانحہ منی پر پورا عالم اسلام سوگواروعزادار ہے ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی حکومت کو اس سال حج کے دوران ہونےوالے حادثات اور نقصانات کی ذمہ داری قبول کرنی ہوگی اور اس کو یہ جان لینا چاہئے کہ صرف معافی مانگ لینا ہی کافی نہیں ہوگا کیونکہ یہ سانحے بہت ہی سنگین اورہولناک ہیں -
آیت اللہ موحدی کرمانی نے حج کے انتظامات کے تعلق سے سعودی حکومت اور سیکورٹی اہلکاروں کی نااہلی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی پولیس ہمیشہ حاجیوں کے ساتھ تشدد آمیز رویہ اپناتی ہے اوریہاں تک کہ علما کی بھی توہین کرتی ہے- انہوں نے کہا کہ سعودی سیکورٹی اہلکاروں کی اس قسم کی ناپسندیدہ حرکتیں اسلامی ملکوں کی نگاہوں سے پوشیدہ بھی نہیں ہیں -
تہران کے خطیب جمعہ نے اس بات پرزوردیتے ہوئے کہ جن عناصر نے رمی جمرات کے دوران غفلت اور نااہلی کا ثبوت دیا ہے ان کا جلد سے جلد پتہ لگاکر ان پر مقدمہ چلایا جائے اور انہیں سزا دی جائے، اسلامی ملکوں کی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے کر منی کے سانحے کی وجوہات کا پتہ لگائیں اور آئندہ اس قسم کے حادثے رونما نہ ہوں اس کے لئے کوئی تدبیر کریں -
آیت اللہ موحدی کرمانی نے سعودی حکام کو نصحیت کی کہ وہ سنبھل جائیں اور رہبرانقلاب اسلامی اور ایرانی عوام کے غیظ و غضب کی زد میں نہ آئیں - انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے ہمیشہ صبروتجمل اور رواداری سے کام لیا ہے -
تہران کے خطیب جمعہ نے کہا کہ سعودی حکومت کو چاہئے کہ وہ امت اسلامیہ سے اپنے رشتے بہتر بنائے اور قرآن کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئےعالمی شیطانوں کی پیروی ترک کردے - آیت اللہ موحدی کرمانی نے سعودی حکومت کو نصحیت کی کہ وہ یمن کے نہتے شہریوں پر بمباری کرنے سے باز آجائے اور یمن کی تقدیر کا فیصلہ خود یمنی عوام کو کرنے دے- انہوں نے کہا کہ ظلم پائیدار نہیں ہوتا اور ایک دن وہ آئے گا جب ظلم کرنےوالے نابود ہوجائیں گے -
تہران کےخطیب جمعہ نے امریکا کی اسلام دشمن پالیسیوں اور اسلامی جمہوریہ ایران نیز علاقے کی مسلم اقوام کے دشمنوں کے لئے امریکی حمایتوں کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ امریکا اسلام کا سب سے بڑا دمشن ہے اور جب تک اسلام سے امریکا کی دشمنی جاری رہے گی ایران بھی پوری قوت کے ساتھ امریکا کی مخالفت کرتارہے گا -
آیت اللہ موحدی کرمانی نے کہا کہ دشمنان اسلام سے بیزاری اسلامی انقلاب کی بنیاد ہے اور ایرانی عوام نے مختلف ادوار میں امریکا کےذریعے ڈھائے گئے مظالم کو فراموش نہیں کیا ہے -