Oct ۰۲, ۲۰۱۵ ۱۷:۱۱ Asia/Tehran
  • سانحہ منٰی: شہید ایرانی حاجیوں کی میتیں ایران لانے کی تیاریاں
    سانحہ منٰی: شہید ایرانی حاجیوں کی میتیں ایران لانے کی تیاریاں

سانحہ منٰی میں شہید ہونے والے ایرانی حجاج کرام کی میتیں ایران منتقل کرنے کے لئے ضروری کارروائی انجام دی جارہی ہے۔

ایران کے سیکریٹری صحت عباس زارع نژاد نے اسنا نیوز ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ منٰی میں شہید ہونے والے ایرانی حجاج کرام کی میتیں ایران لانے کے لئے ضابطے کی کاروائی مکمل کی جاری ہے اور بہت سے شہیدوں کی میتیں جدہ ایئر پورٹ منتقل کی جاچکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایران کے وزیر صحت سید حسن قاضی زادہ ہاشمی بدستور سعودی عرب میں موجود ہیں تاکہ شہیدوں کی میتیوں اور زخمیوں کو ایران لانے کا عمل تیز کیا جاسکے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سانحہ منٰی میں شہید ہونے والے بہت سے حجاج کرام کی میتیں جلد ایران منتقل کردی جائیں گی۔


ادھر ایران کے حج مشن کے سربراہ سعد اوحدی نے کہا ہے کہ کسی بھی ایرانی حاجی کی میت کو اس کی ورثا کی اجازت کے بغیر سعودی عرب میں دفن نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اب تک صرف چار شہیدوں کے اہل خانہ نے ان کی میتیں مکہ مکرمہ میں دفن کرنے کی اجازت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک اس سانحے میں چارسو پینسٹھ ایرانی حجاج کرام شہید ہوچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چودہ ایرانی حجاج سعودی عرب کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

ٹیگس