قندوز کے اسپتال پر امریکی حملے کے خلاف ایران کا ردعمل
Oct ۰۴, ۲۰۱۵ ۲۱:۳۰ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے افغانستان کے شہر قندوز کے اسپتال پر امریکی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قندوز کے اسپتال پر امریکی حملہ غیر ذمہ دارانہ ہے اور اس کی کوئی بھی توجیح قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے افغانستان کے عوام اور حکومت سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے مظلوم عوام کے حقوق کو نظرانداز کرنا اور اسپتالوں پر حملے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی مداخلت پسندانہ پالیسیوں کا حصہ ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری اس حوالے اپنی ذمہ داریوں پر سنجیدگی سے عمل کرے گی تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کی جاسکے۔ قابل ذکر ہے کہ قندوز کے اسپتال پر امریکی طیاروں کی بمباری میں کم سے کم انیس افراد مارے گئے ہیں،جن میں مریض، ڈاکٹر اور نرسیں شامل ہیں۔