سانحہ منٰی میں شہید ہونے والے بقیہ ایرانی حجاج کے جنازے ایران لانے کی تیاریاں
Oct ۰۵, ۲۰۱۵ ۱۵:۲۱ Asia/Tehran
سانحہ منٰی میں شہید ہونے والے دو سو اٹھارہ حجاج کے جنازے ایران آچکے ہیں جبکہ سبھی ایرانی شہیدوں کے جنازے لانے کے لئے ضروری اقدامات انجام دیئے جارہے ہیں۔
ایران کے ادارہ حج وزیارت کے سربراہ نے بتایا ہے کہ سانحہ منٰی میں شہید ہونے والے بقیہ حجاج کرام کے جنازے بھی جلد ازجلد ایران منتقل کرنے کے لئے ضروری اقدامات انجام دیئے جاچکے ہیں۔انھوں نے کہا کہ اس وقت کوشش یہ ہورہی ہے کہ شہدائے منی کے جنازوں کی ایران منتقلی میں تیزی آئے اور جلد سے جلد یہ کام مکمل ہوجائے۔
انھوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش یہ ہے کہ اس سانحے میں جتنے ایرانی شہید ہوئے ہیں ان سب کے جنازے اور جتنے زخمی ہیں ان سب کو جلد سے جلد ایران لایا جائے۔
یادر ہےکہ اتوار تک دو سو اٹھارہ شہدائے منٰی کے جنازے ایران منتقل کئے جاچکے ہیں۔اتوار کو تہران سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ایک سو چار شہدائے سانحہ منٰی کے جنازوں میں دسیوں لاکھ لوگوں نے شرکت کی تھی۔
شہدائے سانحہ منٰی کے جنازوں کے جلوس آل سعود اور اس کے حامیوں کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں تبدیل ہوگئے جن میں ایران کے انقلابی عوام نے آل سعود اور اس کے حامیوں سے سخت ترین نفرت اور بیزاری کا اعلان کیا۔