اسرائیل عالمی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے
اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے صیہونی حکومت کے ایٹمی اسلحے کے گوداموں کو مشرق میں امن و سلامتی کے لئے حقیقی خطرہ قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے غلام علی خوشرو نے جمعے کو جنرل اسمبلی کی ترک اسلحہ اور بین الاقوامی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں اپنی تقریر میں کہاکہ جارحیت ، ناجائز قبضہ، اور جنگی جرائم کا ارتکاب صیہونی حکومت کی خصلت میں شامل ہے اس لئے اس کے پاس ایٹمی ہتھیاروں کی موجودگی، مشرق وسطی کے ان تمام ملکوں کی سلامتی کے لئے خطرہ ہے جو این پی ٹی کے ممبر ہیں۔
انھوں نے مشرق وسطی کو ایٹمی اسلحے سے پاک خطہ بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کے پاس ایٹمی ہتھیاروں کی موجودگی بڑے ایٹمی ملکوں کی دوہرے معیاروں ا ور اس بات کا کا کھلا ثبوت ہے کہ وہ ایٹمی عدم پھیلاؤ کے اپنے عہد کے پابند نہیں ہیں۔
یاد رہے کہ مشرق وسطی میں غاصب صیہونی حکومت، وہ واحد حکومت ہے جس کے پاس ایٹمی ہتھیار موجود ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ صیہونی حکومت کے پاس دو سو سے چار سو تک ایٹمی اسلحے موجود ہیں ۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ غاصب صیہونی حکومت نے این پی ٹی پر دستخط نہیں کئے ہیں اور اس کے ایٹمی پروگرام پر آئی اے ای اے کی نگرانی کی امریکا نے ہمیشہ مخالفت کی ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے نمائںدے نے مزید کہا کہ ایٹمی ہتھیاروں کی جدید کاری پر جو بھاری رقم خرچ کی جارہی ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ ایٹمی ہتھیار رکھنے والے بڑے ممالک اپنے وعدوں کی پاسداری کے بجائے، اپنے پاس لامحدود ایٹمی اسلحے رکھنے کی فکر میں ہیں۔
غلام علی خوشرو نے کہا کہ ایسے حالات میں کہ بین الاقوامی امن و سلامتی کے تعلق سے عالمی برادری دشوار صورتحال سے دوچار ہے، ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے ایٹمی مذاکرات کی کامیابی نے ثابت کردیا ہے کہ مذاکرات کے ذریعے پیچیدہ ترین فنی اور سیاسی مسائل کو بھی حل کیا جاسکتا ہے۔
اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے ایران کے خلاف سلامتی کونسل کی غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پابندیوں نے ہمارے ملک کے عوام کے لئے بے شمار مشکلات پیدا کیں لیکن ایران کو اپنے عہدو پیمان کی پابندی اور یورینیئم کی افزودگی اور اپنے دیگر ایٹمی حقوق کے حصول کے اصولی موقف سے نہ ہٹا سکیں۔
انھوں نے ایٹمی ترک اسلحہ کے بارے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف کے بارے میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے، تمام ایٹمی ہتھیاروں کی مکمل نابودی کو ضروری سمجھتا ہے۔