اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج محرم نامی مشقوں میں نئے ہتھیاروں کا تجربہ کریں گی
اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ فوج محرم نامی مشقوں میں نئے ہتھیار اور ساز وسامان استعمال کرے گی۔
بریگیڈیر احمد رضا پوردستان نے اتوار کو محرم فوجی مشقوں میں حصہ لینے والے یونٹوں کا معائنہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی فوج خطروں کے تناسب سے نئے ہتھیاروں اور ٹیکٹیکوں سے استفادہ کرے گی۔
بریگیڈیر پور دستان نے کہا کہ بری فوج محرم نامی بڑی فوجی مشقوں میں جن کا اختتامی مرحلہ پیر اور منگل کو ایران کے مغربی حصے میں انجام پائے گا جدید کاری شدہ ٹینک صمصام اور ذوالفقار، ڈرون طیاروں، ٹرانسپورٹ ہیلی کاپٹروں اور اٹیک ہیلی کاپٹروں کا استعمال کرے گی جو نئے گن شپ سے لیس ہوں گے۔
انہوں نے نئے خطروں منجملہ دہشتگرد گروہوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ گروہ امریکہ اور صیہونی حکومت کی نیابت میں اور علاقے کے بعض ملکوں کے پیسے سے مجرمانہ کارروائیاں انجام دے رہے ہیں لھذا ان امور کے پیش نظر ضروری ہےکہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی دفاعی توانائی میں اضافہ کرے تا کہ ہر طرح کے ممکنہ خطرے کا مقابلہ کرسکے۔
واضح رہے ایران کے مغربی علاقے میں محرم کے نام سے فوجی مشقوں کا آغاز ہوچکا ہے۔