ایران کی وزارت خارجہ میں اصولوں سے پسپائی کی کوئی جگہ نہیں ہے: ڈاکٹر روحانی
Nov ۰۲, ۲۰۱۵ ۱۷:۳۵ Asia/Tehran
-
ایران کی وزارت خارجہ میں اصولوں سے پسپائی کی کوئی جگہ نہیں ہے: ڈاکٹر روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہاہے کہ ایٹمی معاہدہ ایرانی عوام کی عظیم سیاسی فتح اور مشکلات کے حل کے لئے ایک عالمی مثال ہے۔
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے وزارت خارجہ کے عہدیداروں اور بیرون ملک تعینات ایران کے سفیروں اور سیاسی نمائندوں کے اجلاس سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی وزارت خارجہ میں اصولوں سے پسپائی کی کوئی جگہ نہیں ہے-ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں ایرانی سفارتکاروں کا احترام ایرانی عوام کی عظمت کا احترام ہے-انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس نظام کے اہداف کی تکمیل کے لئے ایران کے نمائندوں کی حیثیت سے ایرانی سفیروں کا کردار بہت ہی اہم ہے -
انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کو چاہئے کہ وہ اپنے دانشمندانہ اقدامات کے ذریعے اپنے اصولوں کی پاسداری کرتے ہوئے دنیا کے ملکوں کےساتھ زیادہ سے زیادہ تعلقات کی بہتری کا راستہ کھولے اور منطق و استدلال کے ذریعے دنیا میں اسلامی جمہوریہ ایران کی حقیقی تصویر پیش کرے-
صدر مملکت نے وزارت خارجہ کو قومی خودمختاری، منطق اور طاقت کا مظہر قراردیا اور کہا کہ اس وزارت خانے کے ارکان جتنے زیادہ تجربہ کار اور ان کی سرگرمیاں جتنی زیادہ دانشمندانہ ہوں گی اور ان کے پروگرام اسلامی نظام کے اہداف اورعالمی حقائق کی بنیاد پرجتنے زیادہ پورے ا ترتے ہوں گے اورساتھ ہی ان کے بیانات اوراقدامات رائےعامہ سے جتنے زیادہ مطابقت رکھتے ہوں گے، اتنا ہی زیادہ بہتر طریقے سے وہ اپنے مقاصد حاصل کرسکیں گے
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نےاس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ سیاسی طاقت ہی دنیا کے ساتھ تعمیری تعاون میں موثرواقع ہوتی ہے، کہا کہ برابری کی بنیاد پر انجام پانےوالا تعاون ہی نتیجہ خیز ثابت ہوتاہے لیکن اس تعاون میں اپنے اصولوں اورحدود کا بھی خیال رکھنا ہوگا - انہوں نے زوردیا کہ عالمی تعلقات اور تعاون میں کبھی بھی اپنے قومی اور دینی اصول و شناخت اور عزت پر کوئی آنچ نہیں آنے دینا چاہئے -