محمد رسول اللہ فوجی مشقوں کا تیسرا مرحلہ آج سے شروع
اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج کی محمد رسول اللہ نامی فوجی مشقوں کا تیسرا مرحلہ آج سے شروع ہوا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق بری فوج کے سربراہ جنرل احمد رضا پوردستان نے آج صبح مشرقی شہر تربت جام میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس شہر میں جاری دو روزہ فوجی مشقوں اور اس کے اصلی مرحلے میں توپخانے کی نہایت سنگین گولہ باری انجام دی جائے گی۔
جنرل احمد رضا پوردستان نے کہا کہ اس مرحلے میں بکتر بند اور پیادہ یونٹ ساتھ مل کر دشمن کے ٹھکانوں پر زمینی راستوں سے بھرپور گولہ باری کریں گے اور زمین پر دفاعی کارروائیاں بھی کریں گے۔ جنرل پور دستان نے کہا ہیلی بورن اور اینٹی ہیلی بورن کارروائیاں اور زخمیوں کو نکالنے کی مشقیں بھی کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ہمارے فوجی جنگ کی نئی تکنیکیوں کی مشقیں بھی کریں گے جو ان فوجی مشقوں کے تیسرے مرحلے میں شامل ہوں گی۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ یہ فوجی مشقیں دوطرفہ اور کنٹرول شدہ طریقوں سے ایرانی ماہرین کےبنائے ہوئے ہتھیاروں سے انجام پارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد رسول اللہ نامی فوجی مشقوں کا مقصد سیکورٹی اور دفاعی صلاحیتوں میں نکھار لانا اور جنگی، دفاعی اور انسدادی توانائیوں کو صیقل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فوجی مشقیں شمال مشرقی ہیڈکواٹر کی منصوبہ بندی، نگرانی اور ھدایت سے انجام پارہی ہیں۔