Nov ۲۱, ۲۰۱۵ ۱۶:۰۳ Asia/Tehran
  • جی ای سی ایف کا تہران اجلاس
    جی ای سی ایف کا تہران اجلاس

گیس برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم جی ای سی ایف کا ہنگامی وزارتی اجلاس سنیچر کو تہران میں ختم ہوگیا۔ جبکہ جی ای سی ایف کے جنرل کونسل کے جاری اجلاس کی صدارت نائیجیریا کے وزیر پیٹرولیم کر رہے ہیں۔

تہران اجلاس ایران کے وزیر پیٹرولیم بیژن نامدار زنگنے کی صدارت میں شروع ہوا۔

اجلاس میں جی ای سی ایف کے سربراہی اجلاس کے ایجنڈے کو حتمی شکل دی گئی۔
ایران کے وزیر پیٹرولیم بیژن نامدار زنگنے نے اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارتی کونسل کے سب ہی ارکان، گیس کی برآمدات کے سلسلے میں باہمی ہم آہنگی کی ضرورت سے اتفاق کرتے ہیں اور اس حوالے سے یکسان پالیسیاں اپنانے پر زور دیتے ہیں۔ انہوں نے جی ای سی ایف کے سربراہی اجلاس کے انعقاد کی جا نب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تنطیم کے رکن ملکوں کے سربراہوں اور اعلی عہدیداروں کی بھرپور شراکت سے اس اجلاس کی اہمیت کی نشاندہی ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو یہ فخر حاصل ہے کہ وہ گیس برآمد کرنے والے ملکوں کے نو سربراہوں کی میزبانی کر رہا ہے۔ ایران کے وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ مہمان خصوصی کی حثیت سے ترکمنستان کے صدر کی شرکت نے جی ای سی ایف کے سربراہی اجلاس کی اہمیت میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیس ایک قدرتی عطیہ ہے اور اس کے صحیح استعمال کے ذریعے دنیا کو گرین ہاؤس گیسوں کے نقصانات سے پچایا جاسکتا ہے۔

ایران کے وزیرپیٹرولیم نے زمین کی حدت میں اضافے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وزارتی کونسل میں تجویز پیش کی گئی ہے کہ گرین ہاؤس گیسوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے بارے میں پیرس اجلاس میں جی ای سی ایف کا وفد بھی شرکت کرے گا۔
یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ سنیچر کی شام کو تہران میں گیس برآمد کرنے والے ملکوں کی تنظیم جی ای سی ایف کی جنرل کونسل کا عام اجلاس بھی منعقد ہو رہا ہے جس کی صدارت نائیجیریا کے پیٹرولیم کے وزیر امانوئل ایبے کاچیکوو کریں گے۔
جی ای سی ایف کا سربراہی اجلاس پیر کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی صدارت میں منعقد ہوگا۔ جب سے یہ تنظیم وجود میں آئی ہے اس وقت سے یہ پہلا موقع ہے کہ تنظیم کے تین اجلاس، سربراہی اجلاس، وزیروں کا ہنگامی اجلاس اور جنرل کونسل کا اجلاس، ایک ہی ملک میں منعقد ہو رہا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران، الجزائر، بولیویا، استوائی گنی، لیبیا، نائیجیریا، قطر، روس، ٹرینیڈاڈ و ٹوباگو، ونزوئلا اور متحدہ عرب امارات، تنظیم کے رکن ممالک ہیں اور ہالینڈ، ناروے، عراق، عمان اور پیرو جی ای سی ایف کی جنرل کونسل میں ناظر کے عنوان سے شامل ہیں۔

ٹیگس