Nov ۲۵, ۲۰۱۵ ۰۸:۱۲ Asia/Tehran
  • صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور بولیویا کے صدر ایوو مورالس کی ملاقات
    صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اور بولیویا کے صدر ایوو مورالس کی ملاقات

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران بولیویا کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کے روز تہران میں بولیویا کے صدر کے ساتھ اعلی سطحی اجلاس میں بولیویا سمیت لاطینی امریکی ممالک کے ساتھ تعلقات میں فروغ کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ایران تکنیک، زراعت اور انجینئرنگ کے شعبوں میں اپنے تجربات بولیویا منتقل کرنے کے لئے تیار ہے-

انھوں نے کہا کہ ایران اور بولیویا کے درمیان تیل، گیس اور توانائی کے میدان سے متعلق امور میں ایک دوسرے کے ساتھ اچھا تعاون جاری ہے- صدر مملکت نے کہا کہ ایران اور بولیویا توانائی پیدا کرنے والوں اور اس کے خریداروں کے مفادات کے دائرے میں اپنے تعاون میں وسعت پیدا کر سکتے ہیں-

ڈاکٹر حسن روحانی نے دہشت گردی کے خلاف ایران اور بولیویا کے تعاون اور مشارکت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک کو دہشت گرد گروہوں کے خلاف مزاحمت کر کے ان کے جرائم کا سد باب کرنا چاہئے- انھوں نے عراق، شام اور یمن سمیت دیگر ممالک کے امور میں مداخلت سے پرہیز کی ضرورت پر تاکید کی اور کہا کہ ان ممالک کے بحرانوں کے حل کے لئے عراق ، شام اور یمن کے عوام کی خواہشات کے دائرے میں سیاسی اور سفارتی طریقوں کی ضرورت ہے-

بولیویا کے صدر ایوو مورالس نے اس اجلاس میں ایران کے ساتھ تعلقات میں فروغ کی ضرورت پر تاکید کی اور ٹیکنالوجی کے میدان میں ایرانی ماہرین کے منصوبوں پر عمل درآمد پر زور دیا- انھوں نے دنیا میں دہشت گردی سے مقابلے میں ایران کے موقف کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردی نے بڑی طاقتوں کی مدد و حمایت سے ہمیشہ خود مختار اور سامراج مخالف ممالک کو مشکلات سے دوچار کیا ہے اور تمام ممالک کو دہشت گردی سے مقابلے میں متحد ہو کر تعاون کرنا چاہئے-

ٹیگس