ایران اور لکسمبرگ کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تاکید
-
ایران اور لکسمبرگ کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تاکید
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران اور لکسمبرگ کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کے فروغ اور مشترکہ سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
تہران میں لکسمبرگ کے وزیر خارجہ جین آسل بورن کے ساتھ ملاقات میں صدر حسن روحانی نے کہا کہ تہران اور لکسمبرگ کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ کے کافی مواقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی توانائیوں سے فائدہ اٹھا کر باہمی تعلقات کو مناسب سطح پر پہنچا سکتے ہیں۔
صدر مملکت حسن روحانی نے کہا کہ ایران جغرافیائی پوزیشن اور توانائی کے ذخائر کے لحاظ سے دنیا میں نمایاں مقام پر فائز ہے جبکہ لکسمبرگ یورپی یونین کا ایک سرگرم رکن اور اقتصادی مرکز ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان خصوصیات نے ایران اور لکسمبرگ کے درمیان تمام شعبوں میں تعلقات کے فروغ کا راستہ ہموار کردیا ہے۔ صدر ایران نے ایٹمی معاملے کے حل میں یورپی یونین کے کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدے کے بعد ایران اور یورپی یونین کے درمیان تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔
اس موقع پر لکسمبرگ کے وزیر خارجہ جین آسل بورن نے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیا ن طے پانے والے ایٹمی معاہدے پر صحیح طریقے سے عمل درآمد اور ایران کے خلاف عائد پابندیاں اٹھائے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین ایٹمی مذاکرات کے نتائج سے پوری طرح مطمئن ہے اور وہ، اس پر عملدرآمد کی کوشش کر رہی ہے۔