ایران اور یورپی یونین کے درمیان تعاون میں تیزی آنے کی امید
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہےکہ مشترکہ ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد سے ایران اور یورپی یونین کےدرمیان تعاون میں تیزی آسکتی ہے-
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کو تہران میں یونان کے وزیرخارجہ سے ملاقات میں ایران کے خلاف ظالمانہ پابندیوں کے منفی اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ ایکشن پلان پر عمل درآمد اور پابندیوں کے خاتمے کے بعد ایران اور یونان کے تعلقات پہلے سے زیادہ فروغ پانے چاہئیں -
صدرمملکت حسن روحانی نے کہا کہ ایران اور یونان اپنی توانائیوں سے استفادہ کرتے ہوئے مختلف میدانوں منجملہ اعلی تعلیم ، تحقیقات، سائنس و ٹکنالوجی، سیاحت اور معیشت کے شعبوں میں اپنے تعلقات کو بہتر بنا سکتے ہیں-
یونان کے وزیرخارجہ نے بھی اس ملاقات میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران اور یونان کے تاریخی اور ثقافتی اشتراکات بہت وسیع ہیں کہا کہ ایران کے ساتھ مختلف اقتصادی ثقافتی اور سیاسی میدانوں میں تعلقات یونان کے لئے خاص اہمیت رکھتے ہیں-