رہبرانقلاب اسلامی کا خط مختلف ملکوں میں جوانوں کی بیداری کی کرن
ایران کی پارلیمنٹ میں آشوری عیسائیوں کے نمائندے نے کہا ہے کہ مغربی جوانوں کے نام رہبرانقلاب اسلامی کا خط عالمی اداروں اور مختلف ملکوں میں آج کے جوانوں کی بیداری کی روشنی لاسکتا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں آشوری عیسائیوں کے نمائندے یوناتن بت کلیا نے کہا ہے کہ مغربی جوانوں کے نام رہبرانقلاب اسلامی کا خط عالمی اداروں اور مختلف ملکوں میں آج کے جوانوں کی بیداری کی روشنی لاسکتا ہے۔
یوناتن بت کلیا نے آج ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے مغربی جوانوں کے نام رہبرانقلاب اسلامی کے خط کو مثبت قراردیا اور کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی نے مغربی جوانوں کے نام یہ خط بہترین وقت اور حالات میں تحریر فرمایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی جوانوں کے نام رہبرانقلاب اسلامی کے خط میں ان ملکوں کے چہرے سے نقاب ہٹانے کی کوشش کی گئی ہے جو انسانی حقوق کے دعوے کرکے اپنے عوام کو دیکھنے اور سننے سے محروم کردیتے ہیں۔
آشوری عیسائیوں کے نمائندے نے کہا کہ مغربی ممالک دنیا میں اپنا تسلط قائم کرنا چاہتے ہیں لیکن مغربی جوانوں کے نام رہبرانقلاب اسلامی کا خط عالمی اداروں میں آج کے جوانوں کی بیداری کی کرن ثابت ہوسکتا ہے تا کہ انسانی حقوق اور جمہوریت کے دعویداروں کے ناشائستہ اقدامات کی روک تھام کی جاسکے۔
رہبرانقلاب اسلامی نے انتیس نومبر کو مغربی جوانوں کے نام ایک خط بھیجا تھا اور فرمایا تھا کہ فرانس میں تیرہ نومبر کے تلخ دہشتگردانہ واقعات ان کے اس خط کے لکھنے کا باعث بنے ہیں۔ رہبرانقلاب اسلامی نے گذشتہ جنوری کو بھی یورپ اور شمالی امریکہ کے جوانوں کے نام خط لکھا تھا اور مغربی جوانوں سے مطالبہ کیا تھا کہ صحیح شناخت کی اساس پر اور گہری نگاہ سے عالم اسلام کے ساتھ صحیح اور شرافتمندانہ تعاون کی بنیاد رکھیں۔