Dec ۰۹, ۲۰۱۵ ۱۵:۵۰ Asia/Tehran
  • انتہاپسندی اور دہشت گردی پوری دنیا کے لئے خطرہ ہے: جواد ظریف
    انتہاپسندی اور دہشت گردی پوری دنیا کے لئے خطرہ ہے: جواد ظریف

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے بدھ کو اسلام آباد میں افغانستان کے بارے میں پانچویں بین الاقوامی امن کا نفرنس سے خطاب میں انتہا پسندی، دہشت گردی اور منشیات کو افغانستان، اس خطے اور پوری دنیا کے لئے خطرہ قرار دیا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے بدھ کے روز پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں ہارٹ آف ایشیا بین الاقوامی امن کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ اس بات کی اجازت نہیں دینی چاہئے کہ دہشت گرد گروہ افغانستان کو اپنی جولانگاہ بنالیں۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ بعض ممالک انتہا پسندی اور دہشت گردی کو، اپنے اہداف کی جلد تکمیل کے لئے سرمائے کی طرح سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج انتہا پسندی، دہشت گردی اور منشیات کے باعث افغانستان، علاقے اور پوری دنیا کو بڑے خطرے اور چیلنج درپیش ہیں-

ان کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے سخت حالات میں ہمیشہ افغان حکومت اور عوام کا ساتھ دیا ہے اور موجودہ دشوار حالات میں بھی وہ اپنے اسی رویہ کو جاری رکھے گا۔

وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا موقف یہ ہے کہ پرامن، اقتصادی ترقی کا حامل، فعال اور خودکفیل افغانستان، علاقے کے تمام ممالک، خاص طور سے ایران، جس کے افغانستان کے ساتھ گہرے اور وسیع تعلقات ہیں، کے مفادات کی تکمیل کرسکتا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف افغانستان کے بارے میں منعقد ہونے والی "ہارٹ آف ایشیا" کانفرنس میں شرکت کے لئے اسلام آباد گئے ہوئے ہیں۔

ٹیگس