اسلامی جمہوریہ ایران علاقہ کا سب سے زیادہ پرامن ملک
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ اھل بیت عصمت و طہارت کے راستے پر چلنے کی وجہ سے ایران علاقے کا سب سے زیادہ پرامن ملک ہے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے جمعے کی رات عزاداروں کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ ایرانی قوم خاندان عصمت و طہارت سے والہانہ عشق رکھتی ہے اورماہ محرم و صفر میں سید الشہدا و اھل بیت علیھم السلام کی عزاداری کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ محبت اور تعلق خاطر ایرانی قوم کی عظمت اور حفاظت کا سبب بنا ہے۔
مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ جو قوم خدا پر بھروسہ کرتی ہے اسے دیگر طاقتوں سے ڈر نہیں لگتا۔
ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ آٹھ سالہ دفاع مقدس میں جو دراصل ایران کے خلاف ساری دنیا کی جنگ تھی سپاہ اسلام خدا پر توکل کرتے ہوئے اسلام کو سربلند کرنے کی راہ میں بڑی طاقتوں سے مرعوب نہیں ہوئی اور بڑے پیمانے پر جنگ میں شرکت کرکے سرانجام کامیاب ہوئی۔
ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ دشمن نے پابندیاں لگا کر اسلامی انقلاب کی راہ میں پتھر پھینکے تھے انہوں نے کہا کہ گذشتہ مہینوں میں بڑی انتھک کوششیں کی گئیں تاکہ مذاکرات کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جاسکے۔