Dec ۱۳, ۲۰۱۵ ۰۷:۲۲ Asia/Tehran
  • اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اور ترکی کے صدر کی ملاقات
    اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اور ترکی کے صدر کی ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اور ترکی کے صدر نے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کیا۔

ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے سنیچر کو ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان سے ملاقات میں کہا کہ ایران کی خارجہ پالیسی تمام ممالک بالخصوص پڑوسی ملکوں کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر تعلقات کو فروغ دینے پر استوار ہے-

اسحاق جہانگیری نے ترکمنستان میں ترکی کے صدر سے ملاقات میں ایران اور ترکی کے درمیان تاریخی صلاح و مشورے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ شام کے مسئلے میں اختلاف نظر کے باوجود دونوں ملکوں کو دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف جد وجہد میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے- ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے روس اور ترکی کے تعلقات میں پیدا ہونے والی کشیدگی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہرگز اس کشیدگی کو علاقے کے مفاد میں نہیں سمجھتا اور اسے ختم کرانے میں مدد کے لئے تیار ہے-

اس ملاقات میں ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے علاقے کے حالات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انقرہ علاقے میں کشیدگی بڑھانا نہیں چاہتا اور وہ بدگمانی دور کرنے کے لئے بات چیت اور مذاکرات کا خواہاں ہے-

رجب طیب اردوغان نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کو مذہبی اختلافات کے جال میں پھنسانے کی کوشش کی جا رہی ہے لہذا طرفین کو جلد سے جلد مسائل کو حل اور بھائی چارے کو ثابت کرنا چاہ‏یے-

ترکی کے صدر نے مشترکہ پہلؤوں پر تاکید کرتے ہوئے ایران کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لئے تمام صلاحیتوں اور وسائل کو بروئے کار لانے کی خواہش ظاہر کی-

ترکی کے صدر نے ایران کے ذرائع ابلاغ میں اپنے اور اپنے خاندان کے سلسلے میں شائع ہونے والی باتوں پر شکوہ کرتے ہوئے ذرائع ابلاغ پر کنٹرول کئے جانے کا مطالبہ کیا جس کے جواب میں ایران کے نائب صدر نے کہا کہ ایران میں ذرائع ابلاغ پر حکومت کا کنٹرول نہیں ہے اور اس میں ایرانی سیاستدانوں اور حکام کے خلاف بھی بہت کچھ شائع ہوتا رہتا ہے جبکہ ترکی کے بہت سے حکام نے ایران کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے ہیں اور ایرانی عوام کے عقاید کے خلاف بیانات دیے ہیں-

ٹیگس