Dec ۲۰, ۲۰۱۵ ۱۸:۰۸ Asia/Tehran
  • اب تک تیرہ سو سے زائد امیدوار پارلیمانی انتخابات میں شرکت کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا چکے ہیں
    اب تک تیرہ سو سے زائد امیدوار پارلیمانی انتخابات میں شرکت کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا چکے ہیں

اسلامی جمہوریہ ایران کی دسویں پارلیمنٹ مجلس شورائےاسلامی کے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے اب تک ایک ہزار تین سو گیارہ امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا چکے ہیں۔

وزارت داخلہ کے ترجمان حسین علی امیری نے الیکشن کمیشن کے دفتر میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب تک ایک ہزار تین سو گیارہ امیدوار عام انتخابات میں حصہ لینے کے لئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا چکے ہیں-

انہوں نے کہا کہ صرف اتوار کو دوپہر بعد تک چار سو انہتر امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائےتھے - وزارت داخلہ کےترجمان نے بتایا کہ ان میں سے اکیاون خاتون امیدوار بھی ہیں -

انہوں نے مجلس خبرگان کے بھی انتخابات کے بارے میں کہا کہ ان انتخابات کے لئے بھی اب تک ایک سو ستانوے امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی داخل کرا چکے ہیں۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ مجلس خبرگان کے انتخابات کے لئے اتوار کو بھی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ جاری رہا-

ان کا کہنا تھا کہ مجلس خبرگان کے انتخابات میں حصہ لینے کے لئے اب تک دو خاتون امیدواروں نے بھی اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائےہیں -

واضح رہے کہ پارلیمنٹ کےانتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اخری تاریخ پچیس دسمبر ہے جبکہ مجلس خبرگان میں بحیثیت امیدوار کاغذات نامزدگی داخل کرانے کی آخری تاریخ تیئیس دسمبر ہے -

مجلس شورائے اسلامی یا پارلیمنٹ میں دو سو نوے نشستیں ہیں جبکہ مجلس خبرگان یا مجتہدین کی کونسل میں اٹھاسی نشستیں ہیں- دونوں انتخابات بیک وقت چھبیس فروری دو ہزار سولہ کو ہوں گے-

ٹیگس