مجلس خبرگان رہبری کے انتخابات کے لیے آٹھ سو ایک امیدوار میدان میں
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت داخلہ کے انتخابات کے شعبے کے سیکرٹری علی پورعلی مطلق نے کہا ہے کہ مجلس خبرگان رہبری کے پانچویں دور کے انتخابات کے لیے آٹھ سو ایک امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
اسنا کی رپورٹ کے مطابق علی پورعلی مطلق نے کہا ہے کہ مجلس خبرگان رہبری کے انتخابات کے لیے سب سے زیادہ امیدواروں نے تہران سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جن کی تعداد ایک سو چھہتر ہے جبکہ اصفہان سے اکسٹھ اور صوبہ مشرقی آذربائیجان سے چھیالیس امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے انتخابات کے لیے اب تک پانچ ہزار نو سو اکیس امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جن میں سے پانچ سو باسٹھ خواتین ہیں۔
مجلس شورائے اسلامی کے دسویں دور کے انتخابات اور مجلس خبرگان رہبری کے پانچویں دور کے انتخابات ایک ہی دن چھبیس فروری دو ہزار سولہ کو منعقد ہوں گے۔