Dec ۲۵, ۲۰۱۵ ۱۴:۳۹ Asia/Tehran
  • دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے اتحاد بین المسلمین ضروری ہے: آیت اللہ احمد جنّتی
    دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے اتحاد بین المسلمین ضروری ہے: آیت اللہ احمد جنّتی

تہران کے خطیب جمعہ نے اسلامی ملکوں کے خلاف دشمنوں کی سازشوں اور منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئےعالم اسلام کے اتحاد پر زور دیا ہے۔

تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ احمد جنتی نے نماز جمعہ کے خطبوں میں ہفتہ وحدت اور پیغمبراسلام حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ایام ولادت باسعادت کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ مسلم ممالک اپنی صفوں میں اتحاد کو مستحکم بناکر عالم اسلام کے خلاف دشمنوں کی تفرقہ انگیزسازشوں اور اقدامات کو ناکام بناسکتے ہیں -

تہران کے خطیب جمعہ نے علاقےکے بعض عرب ملکوں کے حکام پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ یہ حکام سامراجی طاقتوں کے مفادات کے لئے کام کررہے ہیں اور انہوں نے مسلمانوں کے خلاف بے پناہ جرائم اور مظالم کا ارتکاب کیا ہے -

آیت اللہ احمد جنتی نے نائیجیریا میں شیعہ مسلمانوں کے قتل عام اور اس ملک کی اسلامی تحریک کے سربراہ شیخ ابراہیم زکزکی کے گھر پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ عالم اسلام کو چاہئے کہ وہ مستقبل میں اس قسم کے حملوں کی روک تھام کرے -

تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ احمدجنتی نے آئندہ چھبیس فروری کو ایران میں پارلیمنٹ اور مجلس خبرگان کے انتخابات کا ذکرکیا اور کہا کہ ان انتخابات کا انعقاد اسلامی جمہوریہ ایران کے لئے قابل فخرکارنامہ ہے -

انہوں نے آنےوالے پارلیمانی اور مجلس خبرگان کے انتخابات میں عوام کی بھرپور اور وسیع شرکت کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ انتخابات انتہائی خوشگوار ماحول میں آئین کے مطابق انجام پائیں گے -

تہران کے خطیب جمعہ نے دشمنوں کے فتنوں کو ناکام بنانے کے لئے تیس دسمبر دوہزار نو کو ایرانی عوام کی تاریخی ریلیوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ہوشیارعوام نے بروقت سڑکوں پر نکل کر فتنہ گر عناصر کی سازشوں کو ناکام بنادیا - آیت اللہ جنتی نے ایرانی عوام سے کہا کہ وہ ہمیشہ کی طرح اپنی صفوں میں اتحاد کو مستحکم رکھ کر دشمنوں کی سازشوں کے مقابلے میں ہوشیاری کا مظاہرہ کرتے رہیں -

انہوں نے پیغمبرالہی حضرت عیسی علیہ السلام کے بھی یوم ولادت باسعادت کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دنیا کے سبھی آزادی پسندوں خاص طورپر حضرت عیسی علیہ السلام کے پیروکاروں سے کہا کہ وہ جناب عیسی کی طرح دنیا کے مظلوموں کی حمایت اور امن وانصاف کے قیام کی کوشش کریں -

ٹیگس