خطے کی صورتحال کے بارے میں ایرانی اور عمانی حکام کی مشاورت
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ اور عمان کے وزیر خارجہ نے عمان کے صلاتہ شہر میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ مرتضی سرمدی نے جمعے کےدن عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی سے عمان کے صلاتہ شہر میں ملاقات کی۔ مرتضی سرمدی نے اس ملاقات میں کہا کہ خطے کی سلامتی اور استحکام کو خطرے سے دوچار کرنے والے مخاصمانہ اقدامات قابل قبول نہیں ہیں۔ اور سمجھداری اور عقل سے کام لیتے ہوئے اس تباہ کن سلسلے کوختم کرنا چاہئے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ علاقائی امن و استحکام پر مرتب ہونےوالے ممالک کے دوستانہ تعلقات کے اثرات کے مدنظر ہمسایہ ممالک خصوصا اس پالیسی پر ایمان رکھنے والے خلیج فارس کے ساحلی ممالک کے ساتھ تعلقات میں توسیع اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی میں ترجیح رکھتی ہے۔
عمان کے وزیر خارجہ نے بھی اس ملاقات میں ایران اور عمان کے بڑھتے ہوئے باہمی تعلقات پر اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی صورتحال پر دونوں ممالک کے درمیان مشاورت کا جاری رہنا بہت اہم ہے اور کشیدگی میں کمی، اقتصادی ترقی اور امن خطے کی اہم ترین ترجیحات ہیں۔
مرتضی سرمدی اور یوسف بن علوی نے شام اور یمن کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بھی تبادلۂ خیال کیا اور تشدد کے خاتمےاور سیاسی راہ حل اختیار کرنے پر تاکید کی۔