کشیدگی پیدا کرنے پر مبنی سعودی عرب کے اقدامات کی مذمت
-
صادق حسین جابری انصاری نے کہا کہ سعودی حکام جنگ اور لڑائی کے درپے ہیں جبکہ ایران امن کے لئے کوشاں ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان صادق حسین جابری انصاری نے کشیدگی پیدا کرنے پر مبنی سعودی عرب کے اقدامات کی مذمت کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان صادق حسین جابری انصاری نے ہفتے کی رات ٹی وی چینل ایک کے پروگرام نگاہ میں کہا کہ سعودی عرب کے سفارت خانے پر بعض سرکش افراد کے حملے کا دفاع نہیں کیا جاسکتا ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ کشیدگی پیدا کرنے پر مبنی سعودی عرب کی سرگرمیاں بھی ایک حقیقت ہیں۔
صادق حسین جابری انصاری کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی عہدیداروں نے تہران اور مشہد میں سعودی عرب کے سفارت خانے اور قونصل خانے پر مظاہرین کے ایک گروہ کے حملے کے بارے میں اپنی ناپسندیدگی پر مبنی موقف کا اعلان کیا ہے لیکن یہ بات بھی مسلمہ ہے کہ سعودی عرب نے حالیہ مہینوں کے دوران کشیدگی پیدا کرنے پر مبنی اقدامات انجام دے کر دنیا اور خطے کے مسلمانوں اور حریت پسندوں میں اشتعال پیدا کر دیا ہے۔ جابری انصاری نے سعودی عرب کے مجاہد اور حریت پسند عالم دین آیت اللہ باقر نمر کو سزائے موت دینے پر مبنی آل سعود حکومت کے اقدام کی وسیع پیمانے پر کی جانے والی مذمت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاض اس طرح کے اقدامات کے ذریعے اس دلدل سے نجات حاصل نہیں کرسکتا ہے جس کو وہ خود علاقے کے ممالک خصوصا یمن میں وجود میں لایا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ سعودی حکام جنگ اور لڑائی کے درپے ہیں جبکہ ایران امن کے لئے کوشاں ہے۔
جابری انصاری کا مزید کہنا تھا کہ عراق میں صدام حکومت کے خاتمے کے بعد سعودی عرب نے عراق میں عوامی ووٹوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی نئی صورتحال کو تسلیم نہ کیا، اس نے اس صورتحال کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی۔ اس نے دہشت گرد گروہوں کی حمایت اور قبائلی اختلافات کو ہوا دے کر اس صورتحال کو بدلنے کی کوشش کی اور سعودی عرب کے ان تمام اقدامات کا نتیجہ خطے میں بدامنی کی صورت میں برآمد ہوا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ سعودی عرب کو جلد یا بدیر اپنے اردگرد کے حالات سے آگاہ ہونا ہوگا۔ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ آل سعود کو نئے کھیل میں کامیابی حاصل نہیں ہوگی اور سفارت خانہ بند کرنا نہ صرف کوئی فضیلت نہیں ہے بلکہ اس کا کوئی فائدہ بھی نہیں ہوگا۔