Jan ۱۰, ۲۰۱۶ ۱۸:۱۳ Asia/Tehran
  • ایران ، یمن میں جنگ اور خون خرابہ بند کرانے کی کوششوں کا حامی ہے: علاء الدین بروجردی

ایران، یمن میں جنگ اور خون خرابہ بند کرانے کی غرض سے انجام پانے والی ہر کوشش کی حمایت کرتا ہے۔

یہ بات قومی سلامتی اور امور خارجہ کے پارلیمانی کمیشن کے سربراہ علاؤ الدین بروجردی نے یمن کی اعلی انقلابی کونسل کے رکن صالح سائل سے تہران میں بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایران مظلوم قوموں کا حامی ہے اور یمن میں قتل عام اور خون خرابہ بند کرانے کی ہر کوشش کی حمایت کرتا ہے۔

علاوالدین بروجردی نے یمن کے مظلوم عوام کے خلاف سعودی جارحیت کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ قومی سلامتی اور امور خارجہ کے پارلیمانی کمیشن کے سربراہ نے جنگ بندی اور سیاسی ڈائیلاگ کو بحران یمن کے حل کا واحد راستہ قرار دیا۔

یمن کی اعلی انقلابی کونسل کے رکن صالح سائل نے اس موقع پر کہا کہ یمن کے عوام ایران کے عوام اور حکومت کی جانب سے کی جانے والی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یمن پر سعودی جارحیت امریکہ اور اسرائیل کا دیا ہوا ایجنڈا ہے جس کا مقصد خطے میں پیدا ہونے والی تحریک مزاحمت کو نابود کرنا ہے۔

ٹیگس