ایران ، امت مسلمہ کے مستقبل کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں پر عمل پیرا ہے: ڈاکٹرلاریجانی
مجلس شورائے اسلامی کے سربراہ ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ ایران ، امت مسلمہ کے مستقبل کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کر رہا ہے۔
تہران میں دفاع مقدس کے حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ خطے کے بارے میں ایران کی سوچ حاسدانہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ، اسلامی ملکوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی محسوس کرتا ہے اور اسے امت مسلمہ کے مستقبل کی فکر لاحق ہے۔
ایران کے اسپیکر نے کہا کہ آل سعود حکومت کو خطے کے بارے میں اپنی سوچ کی اصلاح کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آل سعود حکومت شام میں دہشت گردوں کی مدد کر رہی ہے جبکہ اس نے یمن کے بینادی ڈھانچے کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔
ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ آل سعود حکومت اپنے اقدامات کے ذریعے مسلمانوں کی طاقت کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان ملک اپنی پوری توانائی دوسرے مسلمان ملک کو تباہ و برباد کرنے پر صرف کردے، تو اس سے صرف صیہونی حکومت کو فائدہ پہنچے گا۔