صدر مملکت کا اٹلی اور فرانس کا دورہ
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی یورپی یونین کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پچیس جنوری دو ہزار سولہ کو اٹلی اور فرانس کے دورے پر روانہ ہوں گے۔
صدر مملکت کے دفتر کے تعلقات اور پریس شعبے کے انچارج پرویز اسماعیلی نے بدھ کے روز فارس نیوز ایجنسی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی اٹلی اور فرانس کے اعلی حکام کی دعوت پر ان ملکوں کا دورہ کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ صدر مملکت اٹلی کے دورے کے دوران سرکاری استقبال کے بعد اس ملک کے صدر، وزیراعظم اور دیگر اعلی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹر حسن روحانی ویٹیکن بھی جائیں گے جہاں وہ پاپ اور ویٹیکن کے وزیراعظم سے ملاقات بھی کریں گے۔ اس کے علاوہ اٹلی کے بڑے سرمایہ داروں اور صنعتکاروں سے ملاقات بھی ان کے دورہ اٹلی میں شامل ہے۔
پرویز اسماعیلی نے کہا کہ صدر مملکت اٹلی کا دورہ مکمل کرنے کے بعد ستائیس جنوری کو فرانس جائیں گے۔ جہاں پیرس میں سرکاری استقبال کے بعد وہ فرانس کے صدر سے ملاقات اور گفتگو کریں گے اور دونوں ملکوں کے وفد بھی مشترکہ مذاکرات میں شریک ہوں گے۔