Jan ۲۴, ۲۰۱۶ ۰۷:۱۶ Asia/Tehran
  • ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی
    ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر نے کہا ہے کہ امریکی فوجیوں کی گرفتاری ملت ایران کے لئے ایک عظیم اور نمایاں کامیابی تھی-

ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ امریکی فوجیوں کو گرفتار کرنے پر مبنی کامیابی، اسلامی انقلاب کو درپیش ایک حساس دور میں ملت ایران کے لئے فتح مبین تھی- بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ یہ کامیابی ایسے وقت حاصل ہوئی کہ جب امریکی ڈینگیں مار رہے تھے اور ایران کے خلاف نئی پابندیاں عائد کرنا چاہتے تھے- سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ امریکیوں کے پاس جدید ترین ہتھیار تھے اور دو گن بوٹس ان کی مدد کر رہی تھیں کہا کہ ہم نے ثابت کر دیا کہ میدان جنگ میں فیصلہ کن چیز ایمان کی طاقت ہوتی ہے اور یہ واقعہ فوجی اور سیاسی بصیرت و بہادری میں یکجہتی کا نتیجہ تھا-

بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ امریکی گن بوٹس اور ہیلی کاپٹر اپنے فوجیوں کو بچانے کے لئے خلیج فارس میں حملہ کرنا چاہتے تھے لیکن ایرانی فوجیوں کی جانب سے خبردار کئے جانے کے باعث پسپائی اختیار کرنے پر مجبور ہوگئے- سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر نے کہا کہ سیکڑوں میزائل فائر کئے لئے تیار تھے اور امریکیوں کو خبردار کیا گیا کہ اگر وہ اپنی حرکت جاری رکھیں گے تو فائرنگ کر دی جائے گی- جنرل حسین سلامی نے کہا کہ امریکی فوجیوں کی گرفتاری اس بات کا سبب بنی کہ علاقے میں موجود دوسرے ممالک کے اتحادی فوجی، اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت کا نیا اندازہ لگائیں- بریگیڈیئر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ وہ لوگ سمجھ گئے کہ یہاں کسی طرح کی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ایران کسی بھی طاقت کی پرواہ نہیں کرتا-

ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ہم سمجھ چکے ہیں کہ جو ملک دفاعی لحاظ سے کمزور ہوگا اس پر امریکہ قابض ہو جائے گا یا اسے امریکہ کی سیاسی طاقت سے وابستہ ہونا پڑے گا کہا کہ امریکہ نے گذشتہ چالیس برسوں میں چودہ اسلامی ممالک پر براہ راست یا بالواسطہ طور پر حملہ کیا ہے جس سے ان ممالک کی دفاعی کمزوری ظاہر ہوتی ہے-

ٹیگس