Jan ۲۶, ۲۰۱۶ ۱۵:۴۰ Asia/Tehran
  • اسلامی جمہوریہ ایران غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے قابل اعتماد قوانین و ضوابط کا حامل ملک ہے: صدر مملکت

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہےکہ اسلامی جمہوریہ ایران غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے قابل اعتماد قوانین و ضوابط کا حامل ملک ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے منگل کو روم میں ایران اور اٹلی کے تاجروں اور صنعتکاروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اقتصادی میدان میں منافع دو طرفہ ہونا ‍چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری دونوں ملکوں کے لئے نفع بخش ہونی چاہئے جیساکہ ایران نے ایٹمی مذاکرات میں اعلان کیا ہے وہ ایسی پالیسی پر کاربند رہنا چاہتا ہے جس میں سب کا فائدہ ہو۔

صدر ڈاکٹرحسن روحانی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ایران امن اور استحکام کے لحاظ سے علاقے کا سب سے پرامن ملک ہے کہا کہ ایران کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا اور نہ ہی کسی دوسرے ملک میں مداخلت کرتا ہے البتہ پوری قوت کے ساتھ اپنا دفاع کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایران میں سرمایہ کاری کے مواقع پوری طرح فراہم ہیں، کہا کہ ایران نے کبھی بھی عالمی برادری سے کئے گئے اپنے وعدوں کی خلاف ورزی نہیں کی ہے اور اس نے ہمیشہ اپنے وعدوں پر عمل کیا ہے۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ سب کو اس بات کا احساس ہو گیا کہ ون ون یا سب کی جیت کی پالیسی پر استوار مذاکرات سب کے نفع اور فائدے میں ہوں گے، کہا کہ ہم ان سبھی ملکوں کا جو ایران کے ساتھ ایٹمی مذاکرات کر رہے تھے اور ان مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانا چاہتے تھے اور اسی طرح یورپی یونین کا بھی جس نے مذاکرات کو کامیاب بنانے میں کافی کوشش کی، شکریہ ادا کرتے ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حجت الاسلام ڈاکٹرحسن روحانی ایک اعلی سطحی سیاسی، اقتصادی اور تجارتی وفد کے ہمراہ اٹلی اور فرانس کے چار روزہ دورے پر پیر کو روم پہنچے۔ ان کے ہمراہ ایرانی تاجروں اور صنعتکاروں کا ایک سو رکنی وفد بھی اٹلی گیا ہے۔

ٹیگس