Jan ۳۱, ۲۰۱۶ ۱۸:۳۷ Asia/Tehran
  • ایرانی بحریہ کی فوجی مشقیں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

بحیرہ عمان میں میری ٹائم پریڈ کے بعد ایرانی بحریہ کی ولایت دو ہزار سولہ فوجی مشقیں کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئی ہیں۔

ایرانی بحریہ کے مختلف یونٹوں نے اتوار کے روز ہونے والی اس پریڈ میں حصہ لیا اور خلیج فارس میں آبنائے ہرمز سے لیکر بحرہند میں ایرانی سمندری حدود میں جاری فوجی مشقوں کے خاتمے کا اعلان کیا۔ میری ٹائم پریڈ میں بحریہ کے جنگی جہاز، گن بوٹس، آبدوزیں،ہوائی جہاز اور ہیلی کاپٹر شریک تھے۔

فوجی مشقوں کے ترجمان ریئر ایڈمرل سید محمود موسوی نے مشقوں کے اختتام پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بحریہ کے جوانوں نے مختلف جنگی ٹیکنیکوں سے کام لیا جن میں ساحل سے سمندر میں بمباری ، ساحلوں پر ہوور کرافٹ تعیناتی،ہیلی بورن آپریشن اور موٹر بوٹس کے ذریعے فرضی دشمن کے فلیٹوں پر حملوں کا تجربہ کیا گیا۔

ریئر ایڈمرل محمود موسوی نے کہا کہ فرضی دشمن کے ٹھکانوں کو پوری طرح نابود کر دینے کے بعد ایرانی بحریہ کے جوانوں نے ، چورانوے بحری جہازوں اور کشتیوں، درجنوں آبددوزوں ، اسپیڈ بوٹس،ایئر یونٹوں اور ہوورکرافٹوں کے علاوہ عوامی رضاکاروں کی سادہ لانچوں نے سمندری حدوں میں اپنے اقتدار اور طاقت کا مظاہرہ کیا۔ اس رپورٹ کے مطابق ایران کی بری فوج کے اعلی افسران اور مختلف ملکوں کے فوجی اتاشیوں نے بھی تباہ کن بحری جہاز جماران کے عرشے سے اسلامی جمہوریہ ایران کی بحری طاقت کے اس مظاہرہ کا قریب سے مشاہدہ کیا۔

قابل ذکر ہے کہ ایرانی بحریہ کی عظیم فوجی مشقیں ولایت دوہزار سولہ ، بدھ کے روز مشرقی آبنائے ہرمز ، بحیرہ عمان ، اور شمالی بحر ہند میں دس ڈگری کی حدود میں شروع ہوئی تھیں اور اتوار تک جاری رہیں۔

ٹیگس