ایران اور روس کے تعلقات اسٹریٹیجک نوعیت کے ہیں، ولادیمیر پوتن
تہران اور ماسکو نے ایران اور روس کے درمیان تعلقات کو تمام شعبوں میں زیادہ سے زیادہ فروغ دیے جانے پر تاکید کی ہے۔
بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر ولایتی نے اپنے دورۂ روس میں اس ملک کے صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات میں دو طرفہ اور علاقائی تعاون کے بارے میں گفتگو کی۔ اس ملاقات میں روس کے صدر نے تہران اور ماسکو کے اسٹریٹیجک تعلقات کے فروغ پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام شعبوں میں دونوں ملکوں کے تعاون کو زیادہ سے زیادہ فروغ دیے جانے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں تمام وسائل و ذرائع سے استفادہ کیا جانا چاہئے۔
اس ملاقات میں ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے بھی مشرق اور روس کے ساتھ تعاون کی توسیع کے بارے میں رہبر انقلاب اسلامی کے نقطۂ نظر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور روس، اپنے اسٹریٹیجک تعلقات کو منظم کرنے کے حوالے سے اقدامات عمل میں لا رہے ہیں جس سے علاقائی و عالمی سطح پر امن و استحکام کے قیام میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے اپنے دورۂ روس میں اس ملک کے مختلف اعلی حکام سے ملاقات کی۔ الگ الگ انجام پانے والی ان ملاقاتوں میں دو طرفہ، علاقائی و بین الاقوامی تعلقات کے بارے میں تبادلۂ خیال کیا گیا۔