ایران میں پارلیمنٹ اور مجلس خبرگان کے انتخابات کی تیاریاں اپنے عروج پر
اسلامی جمہوریہ ایران میں پارلیمنٹ اور مجلس خبرگان یا ماہرین کی کونسل کے انتخابات میں بیس دن سے بھی کم وقت بچا ہے اور ان انتخابات کی تیاریاں اپنے عروج پر ہیں -
مجلس شورائے اسلامی یا پارلیمنٹ کے دسویں دور کے انتخابات اور مجلس خبرگان یا ماہرین کی کونسل کے پانچویں دور کے انتخابات کے لئے چھبیس فروری کو بیک وقت ووٹ ڈالے جائیں گے -
وزارت داخلہ کے ترجمان حسین علی امیری کا کہنا ہے کہ آئین کی نگراں کونسل نے پارلیمنٹ کے انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی داخل کرانے والے بارہ ہزارامیدواروں میں سے چھے ہزار ایک سو اسیّ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرتے ہوئے انہیں بحیثیت امیدوار انتخابات میں حصہ لینے کا اہل قرار دے دیا ہے -
وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ اگر پارلیمانی انتخابات کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے بارہ ہزار امیدواروں کی کل تعداد کو مد نظر رکھا جائے تو شورائے نگہبان یا آئین کی نگراں کونسل نے مجموعی طور پر اکیاون فیصد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرتے ہوئے انہیں اہل قرار دیا ہے - ان کا کہنا تھا کہ شورائے نگہبان نے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد جن امیدواروں کو نااہل قرار دیا ہے ان کی تعداد پانچ ہزار دو سو پانچ ہے -
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ قانون کے مطابق انتخابات کے اپنے قانونی مراحل ہوتے ہیں جن کو پورا کرنا ضروری ہوتا ہے اور شورائے نگبہان کے ذریعے پارلیمنٹ کے ا نتخابات میں بحیثیت امیدوار شرکت کرنے والوں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی بیس روزہ مہلت چھے فروری کو ختم ہوگئی اور مذکورہ کونسل نے بھی انتخابات میں بحیثیت امیدوار حصہ لینے کے اہل امیدواوں کی آخری اور حتمی فہرست وزرات داخلہ کو سونپ دی -
یاد رہے کہ اس بار کے پارلیمانی انتخابات میں امیدواروں کی تعداد گذشتہ انتخابات کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے - اور بارہ ہزار سے زائد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا کام ، وہ بھی بیس دن کی قانونی مہلت میں ایک سخت اور مشکل کام تھا - اس درمیان جب ایران کے عوام اپنی سیاسی تقدیر کا فیصلہ خود کرنے کے لئے ایک بار پھر تاریخ سازانتخابات میں وسیع شرکت کے لئے خود کو آمادہ کر رہے ہیں امریکا کے تین ریپبلکن ارکان کانگریس نے خود امریکا میں الیکشن کے ناقص نطام ، قوانین اور انتخابات کے طریقہ کار پر توجہ دئے بغیر اپنے مداخلت پسندانہ اور گستاخانہ بیان میں کہا ہے کہ وہ ایران کا دورہ کرکے وہاں کے انتخابات کے عمل کو قریب سے دیکھنا اور اس کی نگرانی کرنا چاہتے ہیں -
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے سربراہ علاء الدین بروجردی نے ان تینوں امریکی ارکان کانگریس کے اس بیان کے جواب میں کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں ہونے والے انتخابات کو کسی بھی بین الاقوامی نگرانی کی ضرورت نہیں ہے - انہوں نے کہا کہ امریکیوں کو اس قسم کی بات یا درخواست کرنے کا کوئی حق نہیں ہے -
علاء الدین بروجردی نے کہا کہ ایران میں ہونےوالے انتخابات کے لئے کسی بھی بین الاقوامی نگرانی کی ضرورت اس لئے نہیں ہے کیونکہ ایران کی جمہوریت اور ڈیموکریسی اس علاقے کی سب سے مضبوط اور طاقتور جمہوریت ہے - اور ایران کے انتخابات مکمل طورپر بین الاقوامی قوانین کے مطابق اور پوری طرح شفاف اور منصفانہ ہوتے ہیں - انہوں نے کہا کہ ایران میں انتخابات کے پورے عمل پر نگراں کمیٹیاں اپنی گہری نظر رکھتی ہیں اس کے علاوہ خود پارلیمنٹ کے نمائندے بھی اس عمل پر پوری نظر رکھتے ہیں -