Feb ۰۹, ۲۰۱۶ ۰۸:۳۵ Asia/Tehran
  • اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر غلام حسین دہقانی
    اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر غلام حسین دہقانی

اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر غلام حسین دہقانی نے کہا ہے کہ آج دنیا کے صرف باسٹھ افراد نے جو دولت اپنے پاس جمع کر رکھی ہے وہ دنیا کی آدھی آبادی کی دولت کے برابر ہے اور ایک فیصد افراد کی دولت باقی ننانوے فیصد کی کل جمع پونجی سے بھی زیادہ ہے۔

غلام حسین دہقانی نے پیر کے دن اقوام متحدہ کے کمیشن برائے سماجی ترقی کے چوّن ویں اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے عدم مساوات کو سماجی ترقی کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ قرار دیا۔

غلام حسین دہقانی نے صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کی جانب سے پیش کردہ تشدد اور انتہا پسندی سے پاک دنیا پر مبنی تجویز اور ایک قرارداد کی صورت میں اس کی منظوری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تجویز اس لئے پیش کی گئی کیونکہ غربت اور پسماندگی سے انتہاپسندی اور دہشت گردی کا راستہ ہموار ہوتا ہے۔

اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر غلام حسین دہقانی نے بعض ممالک کی جانب سے دہشت گردوں کی حمایت اور ان کو مسلح کئے جانے اور مطلوبہ ممالک میں بھیجے جانے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس خطرناک عمل کے ان ممالک کی سماجی ترقی پر ناقابل انکار تباہ کن اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر غلام حسین دہقانی نے ایران میں حالیہ تین عشروں کے دوران سماجی ترقی کے میدان میں ہونے والی پیشرفت کی جانب بھی اشارہ کیا اور اس سلسلے میں غربت کے مقابلے، طبی خدمات، غذائی سیکورٹی اور تعلیم سے محروم بچوں کو تعلیم کی ترغیب دلانے جیسی حکومتی پالیسیوں اور اقدامات کا ذکر کیا۔

اقوام متحدہ کے کمیشن برائے سماجی ترقی کا سالانہ اجلاس تین فروری کو شروع ہوا اور یہ اجلاس بارہ فروری تک جاری رہے گا۔

ٹیگس