ایرانی عوام کی قرارداد، ہر طرح کی آمادگی پر تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران کے انقلاب کی سینتیسویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ ریلیوں میں لاکھوں افراد نے شرکت کی اور دفاعی صنعت خاص طور پر میزائل کے شعبے میں کسی بھی قسم کے مذاکرات کو مسترد کر دیا۔
ایران کے اسلامی انقلاب کی سینتیسویں سالگرہ کی مناسبت سے نکالے گئے جلوسوں اور ریلیوں کے شرکاء نے ایک قرارداد پاس کرکے استکباری طاقتوں کو خبردار کیا کہ اگر انہوں نے ایران کو کمزور کرنے یا دھمکانے کی کوشش کی تو ملت ایران مسلح افواج کی مدد و حمایت سے دشمنوں کو دنداں شکن جواب دے گی۔
اس قرارداد میں ایران کے ایٹمی مذاکرات کاروں کی کوششوں کی قدردانی کرتے ہوئے مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لئے رہبر انقلاب اسلامی کی رہنمائیوں پر بھرپور توجہ دیئے جانے پر تاکید کی گئی اور ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل سے مطالبہ کیا گیا کہ فریق مقابل کی جانب سے کسی بھی طرح کی خلاف ورزی پر اسی جیسا ٹھوس ردعمل ظاہر کرے اور اسے اپنے ایجنڈے میں قرار دے۔
اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی ریلیوں کے شرکاء نے کہا کہ ایرانی قوم امریکہ کو بدستور اپنا سب سے بڑا دشمن سمجھتی ہے اور تمام سیکورٹی اور انٹیلی جنس اداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ ہوشیاری کے ساتھ اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرتے ہوئے دشمن کی سازشوں کو ناکام بنائے۔ ریلیوں کے شرکاء نے آئندہ ہونے والے مجلس شورائے اسلامی، پارلیمنٹ اور مجلس خبرگان رہبری یا فقہاء کی کونسل کے انتخابات میں بھی عوام کی بھرپور شرکت پر تاکید کی۔ انہوں نے یمن کے مظلوم عوام کے خلاف آل سعود کی جارح حکومت کی بربریت اور بحرین کے مظلوم عوام کے خلاف آل خلیفہ کی جارحیتوں پر عالمی برادری کی خاموشی کی بھی مذمت کی۔