Feb ۱۵, ۲۰۱۶ ۱۴:۲۸ Asia/Tehran
  • ایران کے وزیر دفاع کا دورۂ روس

ایران کے وزیر دفاع حسین دہقان سرکاری دورے پر ماسکو روانہ ہو گئے۔

ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل حسین دہقان اپنے روسی ہم منصب کی دعوت پر پیر کو ماسکو روانہ ہوئے۔

ایران کے وزیر دفاع کے دورہ روس کا اہم ترین مقصد تہران اور ماسکو کے درمیان فوجی اور دفاعی تعاون میں توسیع کا جائزہ لینا ہے۔

ان کے اس دورے کے اہداف میں روسی حکام کے ساتھ مشرق وسطی کی موجودہ صورت حال اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال بھی شامل ہے۔ وزارت دفاع کے ذرائع نے بتایا ہے کہ شام میں دہشت گرد گروہوں کی شکست اور دہشت گردوں کے حامیوں کی حالیہ کوششوں کا جائزہ روسی حکام کے ساتھ وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل حسین دہقان کے مذاکرات کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

دوسری طرف روسی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کو بہت جلد ایس تھری ہنڈریڈ میزائلی دفاعی سسٹم فراہم کر دیا جائے گا۔ ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل حسین دہقان نے بھی اعلان کیا ہے کہ تہران کو آئندہ مہینے روس سے ایس تھری ہنڈریڈ میزائلی دفاعی سسٹم مل جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ روس میں ایران کے لئے ایس تھری ہنڈریڈ میزائلی دفاعی سسٹم کی پیکنگ ہو چکی ہے اور یہ سسٹم ایران روانہ کئے جانے کے لئے آمادہ ہے۔

ٹیگس