Feb ۱۶, ۲۰۱۶ ۱۰:۱۲ Asia/Tehran
  • عالم اسلام کی مشکلات کے حل کے لئے تمام ممالک متحد ہوجائیں: جہانگیری

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر نے کہا ہے کہ عالم اسلام کی مشکلات کے حل کے لئے تمام ممالک متحد ہوجائیں۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اسحاق جہانگیری نے الجزائر کے وزیر برائے پانی و ماحولیات عبدالوهاب نوری کے ساتھ تہران میں ملاقات کے دوران کہا کہ مغربی ممالک، عالم اسلام کے مسائل کے حل کے لئے کوئی اقدام نہیں کریں گے اور ایران اور الجزائر جیسے ملکوں کو چاہئے کہ وہ مسائل کے حل میں پیشقدم ہوں-

جہانگیری نے ایران اور الجزائر کے تاریخی اور دوستانہ تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ایرانی وفد کے حالیہ دورہ الجزائر میں ہونے والے سمجھوتوں اور مشترکہ کمیشن کے انعقاد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ الجزائر کے ساتھ تعاون میں توسیع کے لئے کسی طرح کی کوئی محدودیت نہیں ہے اور ایران اقتصادی منصوبوں میں مشترکہ تعاون کی حمایت کرتا ہے-

الجزائر کے وزیر برائے پانی و ماحولیات عبدالوهاب نوری نے بھی اس ملاقات میں ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تاکید کی اور ایٹمی مذاکرات میں ایران کی کامیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی تمام اسلامی ملکوں کے لیے  قابل افتخار ہے- انہوں نے کہا کہ تمام ممالک اپنے قانونی حق کی حیثیت سے، پرامن ایٹمی ٹکنالوجی کے خواہاں ہیں اور ایران نے استقامت کے ذریعے اپنے اس حق کو محفوظ کرلیا- عبدالوھاب نوری نے مشرق وسطی کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بعض ملکوں کی غلط پالیسیوں کے بارے میں کہا کہ علاقے کے بعض ملکوں کی غیر منطقی پالیسیاں تیل کی قیمت گرنے اور تیل پیدا کرنے والے ممالک کے لئے تشویش کا باعث بنی ہیں-

ٹیگس