انسانی حقوق کے تعلق سے یورپ کا طرز عمل غلط اور ریاکارانہ ہے: ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے برسلز میں یورپی پارلیمان کے اجلاس سے خطاب میں انسانی حقوق کے تعلق سے یورپ کے طرزعمل کو غلط اور ریاکارانہ قرار دیا ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے انسانی حقوق کے تعلق بعض یورپی اراکین پارلیمنٹ کے دعووں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے تعلق سے یورپی حکومتوں کا طرز عمل سیاسی اہداف کا حامل اور ریاکارانہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ یورپ کا کوئی بھی ملک یہ دعوی نہیں کرسکتا ہے کہ انسانی حقوق کے تعلق سے اس میں کوئی نقص نہیں ہے۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے خطاب میں علاقائی اور بین الاقوامی مسائل میں ایران کا موقف صراحت کے ساتھ بیان کیا ۔ انھوں نے شام کے بحران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ملک کو شام کے عوام پر فوجی حل مسلط کرنے کا حق نہیں ہے۔
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے مشرق وسطی میں سعودی حکومت اور اس کے بعض اتحادیوں کی اشتعال انگیزی اور جنگ افروزی کو علاقائی حالات اور توازن کو سمجھنے میں ان کی غلطی کا نتیجہ قرار دیا۔
انھوں نے کہا کہ ایران کے ایٹمی مسئلے کے حل اور جامع ایٹمی معاہدے سے سعودی حکومت نے یہ نتیجہ نکالا کہ اس سے طاقت کا وہ توازن درہم برہم ہوجائے گا جو اس کے مد نظر ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی حکومت کا طرز عمل علاقائی معاملات سے دوسروں کو دور کرنے اور پڑوسیوں کے کردار اور ان کے برحق مفادات کو نظرانداز کرنے پر مبنی ہے اور یہ طرز عمل اس خطے اور خود سعودی عرب کے فائدے میں نہیں ہے۔