Feb ۱۷, ۲۰۱۶ ۲۰:۰۶ Asia/Tehran
  • ایران اور جاپان کی باہمی تعاون میں توسیع پر تاکید

ایران اور جاپان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف اور خارجہ امور میں جاپانی وزیراعظم کے خصوصی ایلچی کاتسویوکی کاوائی نے تہران میں ایک دوسرے سے ملاقات کی۔

اس ملاقات میں ایران اور جاپان کے درمیان ہمہ گیر سیاسی ، اقتصادی اور تجارتی تعاون کے فروغ کا جائزہ لیا گیا ۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اس موقع پر کہا کہ ایران، جاپان تعلقات محض تجارتی لین دین تک محدود نہیں ہیں اور تہران، ٹوکیو کے ساتھ بھرپور سیاسی، اقتصادی، سائنسی اور ثقافتی تعاون کا خواہاں ہے۔

جاپان کے وزیراعظم کے خصوصی ایلچی کاتسویوکی کاوائی نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک پرامن ایٹمی ٹیکنالوجی، تیل وگیس کے منصوبوں، کاروں کی تیاری اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت تمام شعبوں میں ایران کے ساتھ تعاون میں دلچسپی رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران جاپان تعلقات کے فروغ سے مشرق وسطی اور ایشیا کے امن و استحکام کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔ قابل ذکر ہے کہ خارجہ امور میں جاپانی وزیراعظم کے خصوصی ایلچی کاتسویوکی کاوائی ، وزیراعظم شنزو ابے کے مجوزہ دورہ تہران کے بارے میں بات چیت کی غرض سے ایران کا دورہ کر رہے ہیں۔

ٹیگس