عورتوں کے تعلق سے ادیان الہی کے نظریے کے برخلاف منفی پروپیگنڈے بے بنیاد ہیں : ڈاکٹر روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کی صدارت میں ایران کی ثقافتی انقلاب کی اعلی کونسل کا اجلاس منعقد ہوا۔
ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، صدر حسن روحانی نے اس اجلاس میں صدیقہ طاہرہ حضرت فاطمۃ الزھراء سلام اللہ علیھا کی زندگی کے فضائل و مناقب اور آپ کی زندگی کے سبق آموز ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مختلف سیاسی اور سماجی میدانوں میں فاطمہ زہرا (س) کے باعظمت اور موثر وجود سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ عورتوں کے تعلق سے ادیان الہی کے نظریے کے برخلاف کئے جانے والے منفی پروپیگنڈے غلط اور بے بنیاد ہیں- انہوں نے کہا کہ جو یہ تصور کرتے ہیں کہ خواتین کی ترقی و پیشرفت، مغربی ثقافت و افکار کی دین ہے، وہ غلطی پر ہیں-
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے چھبیس فروری کو ایران میں ہونے والے انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تمام مشکلات و مسائل اور سازشوں کے باوجود بھی اسلامی جمہوریہ ایران پوری قوت و استقامت کے ساتھ جو آگے بڑھ رہا ہے اس کا سبب، انتخابات کے ذریعے حاصل ہونے والی عوام کی ٹھوس حمایت ہے- ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ انتخابات، اسلامی جمہوریہ ایران کے جملہ افتخارات میں سے ہیں اور یہ انتخابات شرعی اور اخلاقی اصولوں کی پابندی کے ساتھ ایران میں منعقد ہوتے ہیں-