ہم سب آج ووٹ ڈالیں گے: جواد ظریف
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ہم ووٹ ڈالیں گے تاکہ کوئی بھی کبھی بھی کسی ایرانی کو دھمکی نہ دے۔
اسنا کی رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں جمعہ کے روز ہونے والے تقدیر ساز انتخابات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں بھرپور شرکت قومی طاقت و اقتدار اور بہتر مستقبل کی ضامن بنے گی۔
ایران کی مختلف شخصیات اور حکام نے گزشتہ دنوں کے دوران اپنے الگ الگ پیغامات میں عوام کے مختلف طبقات سے مجلس شورائے اسلامی اور مجلس خبرگان رہبری کے انتخابات میں بھرپور شرکت کرنے کی اپیل کی ہے۔
مجلس شورائے اسلامی کے دسویں دور اور مجلس خبرگان رہبری کے پانچویں دور کے انتخابات آج جمعہ چھبیس فروری کو پورے ایران میں منعقد ہو رہے ہیں۔ ایران میں انتخابات کا انعقاد دنیا میں دینی جمہوریت کی علامت ہے۔
ایران میں ان انتخابات کے لیے ووٹنگ صبح آٹھ سے شروع ہو کر دس گھنٹے تک جاری رہے گی لیکن وزیر داخلہ اس میں مزید چند گھنٹوں کی توسیع کر سکتے ہیں۔