Feb ۲۶, ۲۰۱۶ ۱۱:۵۵ Asia/Tehran
  • حکومت عوام کے ووٹوں کو ایک عظیم امانت سمجھتی ہے: صدر مملکت

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے انتخابات میں اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد وزارت داخلہ میں نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کے ووٹوں کو ایک عظیم امانت سمجھتی ہے اور اس امانت کی حفاظت کے لیے اپنی پوری طاقت بروئے کار لائے گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ میں یقین دلاتا ہوں کہ حکومت، وزارت داخلہ نیز انتظامی اور نگراں کمیٹیاں کوشش کر رہی ہیں کہ انتخابات مکمل طور پر قانونی اور شفاف منعقد ہوں کہ جو ایران کی تاریخ اور پوری دنیا میں ایران کے دوستوں کے لیے باعث فخر بنیں۔ انھوں نے کہا کہ موصولہ رپورٹوں سے پتہ چلتا ہے کہ انتخابات کا عمل مکمل طور پر پرامن طریقے سے انجام پا رہا ہے اور پورے ملک میں عوام اس میں بھرپور طریقے سے شرکت کر رہے ہیں۔

صدر مملکت نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ آج عوام کے عزم و ارادے اور ہمت و کوشش سے دو انتہائی اہم اداروں یعنی مجلس شورائے اسلامی اور مجلس خبرگان رہبری کے ارکان منتخب ہوں گے، کہا کہ عوام کا آج کا ووٹ انتہائی منافع بخش سرمایہ کاری ہے کہ قومی سلامتی کی تقویت، امن و امان، سیاسی عزت اور بہتر مستقبل اور ملک کی اقتصادی ترقی کی امید اس منافع کا ایک حصہ ہیں۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ عوام کی مبارک رائے سے جو بھی پارلیمنٹ وجود میں آئے گی وہ حکومت کے لیے قابل احترام ہے، مزید کہا کہ سب لوگ اکثریت کی رائے کا احترام کریں گے اور ہمارا اعتماد اور بھروسہ اکثریتی ووٹوں پر اور ہماری نظر بھی آج کے بیلٹ بکسوں پر ہو گی۔

انھوں نے اپنے خطاب کا اختتام اس جملے پر کیا کہ میں ان تمام لوگوں کے ہاتھ چومتا ہوں کہ جو انتخابات میں شرکت کر کے بیلٹ بکس میں اپنا ووٹ ڈال رہے ہیں۔

ٹیگس