آیت اللہ واعظ طبسی دار فانی سے کوچ کرگئے
حضرت امام رضا علیہ السلام کے حرم کے متولی اور صوبہ خراسان رضوی میں نمائندہ ولی فقیہ آیت اللہ واعظ طبسی جمعے کی صبح اس دار فانی سے کوچ کرگئے
انہیں ایک ہفتے قبل سانس کی تکلیف کے باعث مشہد مقدس کے امام رضاعلیہ السلام اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا ۔ انتقال کے وقت ان کی عمر اسّی برس تھی۔
آیت اللہ واعظ طبسی مشہد مقدس میں ایک مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئے اور ایک برس کی عمر میں ان کے والد کا سایہ ان کے سر سے اٹھ گیا اور ان کی والدہ نے ان کی پرورش اور تربیت کی۔
آیت اللہ واعظ طبسی نے انقلاب اسلامی کی کامیابی سے قبل اور انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد اسلام کی تبلیغ کے حوالے سے انتہائی گرانقدر خدمات انجام دیں۔
انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد حضرت امام خمینی (رح) نے انھیں صوبہ خراسان میں اپنا نمائندہ اور حرم حضرت امام رضا علیہ السلام کا متولی مقرر کیا تھا۔ حضرت امام خمینی (رح) کی رحلت کے بعد رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے بھی انھیں نمائندہ ولی فقیہ اور بارگاہ رضوی کا متولی برقرار رکھا ۔
وہ بارگاہ رضوی کے متولی کے علاوہ مجتہدین کی کونسل مجلس خبرگان کے رکن بھی رہے ہیں۔ آیت اللہ واعظ طبسی خراسان صوبے کی دینی درسگاہوں کے وفاق، حوزہ علمیہ خراسان کے سربراہ بھی رہے ۔