Mar ۰۶, ۲۰۱۶ ۰۶:۴۱ Asia/Tehran
  • ڈاکٹر حسن روحانی کے ساتھ ترکی کے وزیر اعظم کی ملاقات
    ڈاکٹر حسن روحانی کے ساتھ ترکی کے وزیر اعظم کی ملاقات

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران اور ترکی کو باہمی تعاون اور ہم آہنگی کے ذریعے مشترکہ دشمن کے طور پر دہشت گردی کے مقابلے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کی بنیادوں کو تقویت پہنچانی چاہیے۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے ہفتے کے دن تہران میں ترکی کے وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات میں اس بات کو بیان کرتے ہوئے، کہ تہران اور انقرہ کے درمیان بہت سے دینی اور ثقافتی مشترکات پائے جاتے ہیں، کہا کہ ان دونوں ممالک میں پائے جانے والے دینی افکار و نظریات کی بنیاد بعض تشدد پسند ممالک کے دینی افکار و نظریات کی بنیاد سے مکمل طور پر مختلف ہے۔ صدر مملکت نے دہشت گردی کو تمام اقوام کے لئے مشترکہ خطرہ قرار دیتے ہوئے اس کے مقابلے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اغیار خطے کی مشکلات کو حل کرنا نہیں چاہتے ہیں بلکہ وہ اپنے مفادات کے حصول کے درپے ہیں۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں توسیع کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے اور آج دونوں ممالک کے تعلقات میں توسیع کا بہت مناسب موقع موجود ہے جس سے ان ممالک کی اقوام زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

ترکی کے وزیر اعظم نے بھی اس بات کو بیان کرتے ہوئے، کہ انقرہ تہران کے ساتھ تعلقات کو ایک نئے مرحلے میں داخل کرنے کے سلسلے میں پرعزم ہے، کہا کہ ترکی اب ماضی سے زیادہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مختلف میدانوں میں باہمی تعلقات اور تعاون کو بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

ترکی کے وزیر اعظم جمعے کی رات ایک اعلی سطحی سیاسی اور اقتصادی وفد کے ساتھ تہران پہنچے تھے۔ ان کے وفد میں ترکی کے اقتصاد، کسٹم و تجارت، نقل و حمل اور مواصلات و ترقی کے وزرا بھی شامل ہیں۔

ٹیگس